قبائلی علاقے کُرم ایجنسی میں حکام نے بتایا ہے کہ سکیورٹی فورسز کی ایک کارروائی میں کم از کم 11 عسکریت پسند ہلاک جب کہ 25 زخمی ہو گئے۔
مقامی حکام کے مطابق علی شیرزئی اور ماسوزئی کے علاقوں میں شدت پسندوں کے مشتبہ ٹھکانوں کے خلاف سکیورٹی فورسز نے اتوار کی رات دیر گئے کارروائی کا آغاز کیا جو پیر کو بھی جاری رہی۔
گذشتہ ہفتے بھی اس علاقے میں فورسز کی کارروائی میں متعدد جنگجو مارے گئے تھے جب کہ شدت پسندوں کے حملے میں کم از کم پانچ اہلکار ہلاک ہو گئے تھے۔ تاہم کرم ایجنسی میں ہونے والی ہلاکتوں کی آزاد ذرائع سے تصدیق نہیں ہو سکی کیوں کہ جن علاقوں میں یہ کارروائیاں جاری ہیں وہاں تک میڈیا کو رسائی حاصل نہیں۔