پاکستان کی سیکرٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ نے نیویارک میں امریکی محکمہ خارجہ کے انڈر سیکرٹری ٹام شینن سے ملاقات کی ۔
وہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 72 ویں سالانہ اجلاس میں شرکت کے لیے گذشتہ رات نیویارک پہنچی تھیں۔
دونوں عہدے داروں کے درمیان دوستانہ اور بے تکلف ماحول میں بات چیت ہوئی۔
سیکرٹری خارجہ نے امریکی حکومت کی جنوبی ایشیا اور أفغانستان کے لیے نئی حکمت عملی پر پاکستان کا نقطہ نظر پیش کیا۔
انہوں نے یہ بات زور دے کر کہی کہ أفغانستان کا امن پاکستان کی اولین ترجيج ہے۔
انہوں دیر پا امن اور خطے کے سیکیورٹی کے اس مسئلے پر بامقصد مذاكرات کی اہمیت کو اجاگر کیا۔
ان کا کہناتھا کہ پاکستان أفغانستان میں امن کے قیام کے لیے اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔
پاک امریکہ تعلقات کے حوالے سے پاکستان کی سیکرٹری خارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستان امریکہ کے ساتھ اپنے تعلقات کو بہت زیادہ اہمیت دیتا ہے۔ پاکستان باہمی اعتماد اور احترام کی بنیاد پر دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات کو مزید بہتر بنانے کی خواہش رکھتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ دونوں ملک مشترکہ مفاد کے حصول کے لیے مل کر کام کرسکتے ہیں جن میں أفغانستان اور خطے میں داعش کو شکست دینا شامل ہے۔
دونوں عہدے داروں نے اس پر اتفاق کیا کہ مستقبل میں دونوں ملک ہر سطح ایک دوسرے کے ساتھ رابطوں کو فروغ دینے کے لیے کام کریں گے۔