وینا ملک کا ایک بار پھر چرچا

وینا ملک کا ایک بار پھر چرچا

بھارت کے ایک میگزین کے سرورق پر پاکستانی ادکارہ وینا ملک کی عریاں تصویر کی اشاعت کے بعد ایک بار پھر یہ اداکارہ ذرائع ابلاغ کی توجہ کا مرکز بن گئی ہیں۔

اس تصویر میں وینا ملک کے بازو پر پاکستان کی طاقتور ترین انٹیلی جنس ایجنسی ’آئی ایس آئی‘ کا نام بھی تحریر ہے۔ سماجی رابطوں کی ویب سائیٹس فیس بک اور ٹوئٹر پر اس تصویر پر گرما گرم بحث شروع ہے۔

ایف ایچ ایم انڈیا نامی میگزین میں شائع ہونے والی تصویر میں وینا ملک کو برہنہ دکھایا گیا ہے۔

وینا ملک کا ایک بار پھر چرچا


پاکستان کے نجی ٹی وی چینلز سے باتیں کرتے ہوئے وینا ملک کا کہنا تھا کہ انھوں نے عریاں تصویر نہیں بنوائی تاہم بازو پر لکھے گئے ’آئی ایس آئی‘ سے متعلق ان کا کہنا تھا کہ ’’چونکہ بھارت میں کچھ بھی ہوتا ہے تو اس کا الزام آئی ایس آئی پر لگا دیا جاتا ہے لہذا ہم نے یہ ازراہ مزاق لکھا تھا‘‘۔

مختلف تنازعات اور اسکینڈلز کے حوالے سے شہرت پانے والی وینا ملک اس سے قبل ایک بھارتی ٹی وی شو ’بگ باس‘ میں شامل بھارت کے ایک فنکار کے ساتھ ’’قابل اعتراض‘‘ حرکات کی وجہ سے پورے ملک میں تنقید کا سامنا کر چکی ہیں۔

میگزین کے ایڈیٹر کبیر شرمان کا کہنا ہے کہ یہ تصویر وینا ملک کی ہی ہے جو انھوں نے اپنی مرضی سے بنوائی ہے اور اس میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی۔ کبیر شرما نے کہا کہ وینا ملک کے بازو پر آئی ایس آئی لکھوانے کا تصور ان تھا لیکن پاکستانی اداکارہ نے اسے نمایاں طور پر لکھوانے کے لیے کہا تھا۔

آئی ایس آئی پر شدت پسندوں سے روابط کے الزامات لگتے رہے ہیں جن کی پاکستان ہمیشہ تردید کرتا رہا ہے۔ لیکن یہ ایک انوکھا واقعہ ہے کہ پاکستان کی ہی ایک اداکارہ نے بھارت میں اپنے فوٹو شوٹ میں اس ادارے کا نام اس طرح سے استعمال کیا ہے ۔