چیمپئنز ٹرافی: ڈیڈ لائن کے باوجود پاکستان اور بھارت کی ٹیموں کا اعلان نہ ہو سکا

  • آئی سی سی نے چیمپئنز ٹرافی کے لیے ٹیموں کے ناموں کے اعلان کے لیے 12 جنوری کی ڈیڈ لائن دی تھی، رپورٹس
  • بی سی سی آئی کی جانب سے 19 جنوری کو اسکواڈ کا اعلان کیا جا سکتا ہے اور کئی نام ٹیم میں شامل نہیں ہوں گے، بھارتی ذرائع ابلاغ
  • پی سی بی نے بھی تاحال 15 رکنی اسکواڈ کا اعلان نہیں کیا ہے۔
  • چیمپئنز ٹرافی کا باقاعدہ آغاز 19 فروری کو پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان میچ سے ہوگا۔
  • پاکستان ٹیم ایونٹ میں اپنے ٹائٹل کا دفاع کرے گی جب کہ پاکستان کرکٹ بورڈ ایونٹ کی میزبانی کرے گا۔

ویب ڈیسک _ پاکستان میں آئندہ ماہ سے شروع ہونے والی چیمپئنز ٹرافی کے لیے ٹیموں کا اعلان ہو چکا ہے لیکن میزبان پاکستان اور روایتی حریف بھارت کے کرکٹ بورڈز نے تاحال اسکواڈ کا اعلان نہیں کیا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے چیمپئنز ٹرافی کے لیے ٹیموں کے اعلان کے لیے 12 جنوری کی ڈیڈ لائن دی تھی۔ تاہم ڈیڈ لائن گزرنے کے باوجود پی سی بی اور بی سی سی آئی نے اسکواڈز کا اعلان نہیں کیا ہے۔

دونوں کرکٹ بورڈز نے تاخیر کی کوئی وجہ بھی بیان نہیں کی ہے۔ البتہ کرکٹ کے حلقوں میں دونوں ٹیموں کے اسکواڈز کے لیے کئی نام گردش کر رہے ہیں۔

بھارتی ذرائع ابلاغ کے مطابق بی سی سی آئی کی جانب سے 19 جنوری کو اسکواڈ کا اعلان کیا جا سکتا ہے اور کئی نام ٹیم میں شامل نہیں ہوں گے۔

دوسری جانب ایونٹ میں شامل آسٹریلیا، انگلینڈ، نیوزی لینڈ، جنوبی افریقہ، بنگلہ دیش اور افغانستان کے اسکواڈز کا اعلان ہو چکا ہے۔

چیمپئنز ٹرافی کی آٹھ ٹیموں کو دو گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے۔ گروپ 'اے' میں پاکستان، بھارت، نیوزی لینڈ اور بنگلہ دیش شامل ہیں جب کہ گروپ 'بی' میں آسٹریلیا، انگلینڈ، جنوبی افریقہ اور افغانستان کی ٹیمیں ہیں۔

SEE ALSO: لاہور میں افغانستان سے میچ نہ کھیلنے کا مطالبہ؛ 'سارا دباؤ انگلش کپتان پر نہ ڈالا جائے'

دونوں گروپس میں شامل ٹیمیں تین، تین میچز کھیلیں گی اور ہر گروپ کی سرِ فہرست دو ٹیمیں سیمی فائنل کے لیے کوالی فائی کر جائیں گی۔

آٹھ سال کے وقفے کے بعد ہونے والی چیمپئنز ٹرافی کا باقاعدہ آغاز 19 فروری کو پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان میچ سے ہوگا۔

پاکستان ٹیم ایونٹ میں اپنے ٹائٹل کا دفاع کرے گی جب کہ پاکستان کرکٹ بورڈ ایونٹ کی میزبانی کرے گا۔

آخری بار 2017 میں ہونے والی چیمپئنز ٹرافی کے فائنل میں پاکستان نے بھارت کو شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کیا تھا۔

چیمپئنز ٹرافی 2025 کے لیے اب تک چھ ٹیمیں 15،15 رکنی اسکواڈز کا اعلان کر چکی ہیں۔

1۔ انگلینڈ

جوس بٹلر کپتان، جوفرا آرچر، گس ایٹکنسن، جیکب بیتھل، ہیری بروک، بریڈن کیرس، بین ڈکیٹ، جمی اوورٹن، جمی اسمتھ، لیام لیونگسٹن، عادل رشید، جو روٹ، ثاقب محمد، فل سالٹ اور مارک ووڈ شامل ہیں۔

2۔ آسٹریلیا

پیٹ کمنز کپتان، الیکس کیری، نیتھ ایلس، ایرون ہارڈی، جوز ہیزل وڈ، ٹرویس ہیڈ، جوش انگلس، مارنس لبوشین، مچل مارش، گلین میکسول، میٹ شارٹ، اسٹیو اسمتھ، مچل اسٹارک، مارکس اسٹونس اور ایڈم زمپا۔

3۔ جنوبی افریقہ

ٹمبا باووما کپتان، ٹونی دی زوزی، مارکو جینسن، ہینرچ کلاسین، کیشو مہاراج، ایڈن مارکرم، ڈیوڈ ملر، ویان مڈلر، لنگی نگیڈی، اینرچ نورجی، کگیسو رابادا، ریان رکلٹن، تبریز شمنی، تریستن اسٹب، ریسی وین دیر دوسن شامل ہیں۔

4۔ نیوزی لینڈ

مچل سینٹنر کپتان، مچل براسویل، مارک چیپمین، ڈیون کونوے، لوکی فرگوسن، میٹ ہینری، ٹام لیتھم، ڈیرل مچل، ول رورکی، گلین فلپس، راچن روندرا، بین سیئرس، نیتھن اسمتھ، کین ولیمسن اور ول ینگ شامل ہیں۔

5۔ افغانستان

حشمت اللہ کپتان، ابراہیم زدران، رحمان اللہ گرباز، صادق اللہ اتل، رحمت شاہ، اکرام علیخیل، گلبدین نائب، عظمت اللہ عمرزئی، محمد نبی، راشد خان، اے ایم غضنفر، نور احمد، فضل الحق فاروقی، فرید ملک اور نوید زدران۔

6۔ بنگلہ دیش

نظم الحسین شانتو کپتان، سومیا سرکار، تنزید حسن، توحید ہرودی، مشفق الرحیم، محمد اللہ، جیکر علی آنک، مہدی حسن مرزا، راشد حسین، تاسکن احمد، مستفیض الرحمان، پرویز حسین ، نسیم احمد، تنظیم حسن ثاقب اور ناہد رانا شامل ہیں۔