آسٹریلیا کو تیسرے ون ڈے میں بھی شکست، سیریز دو ایک سے پاکستان کے نام

  • پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔
  • مہمان ٹیم نے آسٹریلیا کو 32 ویں اوور میں 140 کے مجموعی اسکور پر پویلین واپس بھیج دیا۔
  • شاہین آفریدی، نسیم شاہ نے تین تین جب کہ حارث رؤف نے دو وکٹیں حاصل کیں۔
  • پاکستان نے 27 ویں اوور میں دو وکٹوں کے نقصان پر ہدف حاصل کر لیا۔
  • آسٹریلیا کے خلاف تین میچوں کی سیریز میں پاکستان نے دو ایک سے کامیابی حاصل کی ہے۔
  • آسٹریلیا اور پاکستان کے درمیان آئندہ ہفتے سے ٹی ٹوئنٹی سیریز شروع ہو گی۔

ویب ڈیسک — پاکستان نے تیسرے ون ڈے انٹرنیشنل (او ڈی آئی) میں میزبان آسٹریلیا کو شکست دے کر تین میچوں کی سیریز دو ایک سے اپنے نام کر لی ہے۔

تین میچوں کی سیرز کا آخری میچ اتوار کو پرتھ میں کھیلا گیا جہاں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے میزبان ٹیم کو بیٹنگ کی دعوت دی۔

پاکستان کے محمد رضوان کی بحیثیت کپتان یہ پہلی سیریز ہے۔ ان کا پہلے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ درست ثابت ہوا اور پاکستانی بالرز نے آسٹریلوی بلے بازوں کو کھل کھیلنے کا موقع نہیں دیا۔

پاکستان نے 32 ویں اوور میں آسٹریلیا کی پوری ٹیم کو صرف 140 رنز پر پویلین واپس بھیج دیا۔ میزبان ٹیم کے نمایاں بلے باز شون ایبٹ تھے جنہوں نے 41 گیندوں پر 30 رنز بنائے۔

پاکستان کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی نے تین، نسیم شاہ نے تین، حارث رؤف نے دو جب کہ محمد حسنین نے ایک وکٹ حاصل کی۔ کوپر کونلے زخمی ہونے کے سبب ریٹائرڈ ہرٹ ہوئے۔

پاکستان کے اوپنرز صائم ایوب اور عبد اللہ شفیق نے ٹیم کو اچھا آغاز فراہم کیا۔ مہمان ٹیم کی پہلی وکٹ 18ویں اوور میں 84 رنز پر اس وقت گری جب عبد اللہ شفیق 37 رنز بنا کر پویلین لوٹے۔

لانس موریس کے اسی اوور میں پاکستان کے دوسرے اوپنر صائم ایوب بھی 42 رنز پر بولڈ ہوئے۔

اس کے بعد بابر اعظم اور کپتان محمد رضوان نے کھیل کو اختتام تک پہنچایا۔ بابر اعظم 28 رنز جب کہ محمد رضوان 30 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے۔

SEE ALSO: دوسرا ون ڈے: پاکستان نے آسٹریلیا کو نو وکٹوں سے شکست دے دی

یوں پاکستان نے اس میچ میں دو وکٹوں کے نقصان پر 27ویں اوور میں 143 رنز بنا کر میچ اپنے نام کیا۔

حارث رؤف کو اس میچ میں 24 رنز پر دو وکٹیں لینے پر میچ کا بہترین کھلاڑی اور سیریز میں 10 وکٹیں حاصل کرنے پلیئر آف دی سیرز کے اعزازت دیے گئے۔

قبل ازیں ایڈیلیڈ میں کھیلے گئے دوسرے ون ڈے میں بھی پاکستان نے آسٹریلیا کو شکست دی تھی۔ دوسرے میچ میں آسٹریلوی ٹیم پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 163 رنز پر آؤٹ ہو گئی تھی۔ جواب میں پاکستانی ٹیم نے ایک وکٹ کے نقصان پر 169 رنز بنا کر نو وکٹوں سے کامیابی سمیٹی تھی۔

SEE ALSO: پہلا ون ڈے: آسٹریلیا نے پاکستان کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد دو وکٹوں سے شکست دے دی

ون ڈے سیریز کے میلبرن میں کھیلے گئے پہلے ون ڈے میچ میں پاکستان کو شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

اس میچ میں پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 203 رنز بنائے تھے۔ میزبان ٹیم نے یہ ہدف آٹھ وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرکے جیت لیا تھا۔

اب پاکستان اور آسٹریلیا میں ٹی ٹوئنٹی سیریز کے تین میچ کھیلے جائیں گے۔

اس سیریز کا پہلا میچ 14 نومبر کو برسبن، دوسرا ٹی ٹوئنٹی16 نومبر کو سڈنی جب کہ آخری میچ 18 نومبر کو ہوبارٹ میں کھیلا جائے گا۔