پاکستان اور بھارت کے درمیان ورکنگ باؤنڈری پر فائرنگ کا سلسلہ گزشتہ دو روز سے جاری ہے۔
پاکستان نے دعویٰ کیا ہے کہ ا س کے دو فوجی زخمی ہوئے ہیں جبکہ بھارت کا موقف ہے کہ اس کا ایک فوجی ہلاک اور چار زخمی ہو ئے۔
پاکستان کی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کا کہنا ہے کہ بھارت نے ورکنگ باؤنڈری پر چروا سیکٹر پر منگل کی شام بلااشتعال فائرنگ شروع کی جو گزشتہ دو روز سے وقفے وقفے سے جاری ہے۔
پاکستان کی وزارت خارجہ کی ترجمان تسنیم اسلم نے جمعرات کو اسلام آباد میں ہفتہ وار نیوز بریفنگ میں ایک سوال کے جواب میں آئی آیس پی آر کے حوالے سے کہا کہ بھارت نے ورکنگ باونڈری پر وقفے وقفے سے فائرنگ کی اور اس پر پاکستان نے بھی جوابی فائرنگ کی۔
تسنیم اسلم کا کہنا تھا کہ پاکستان کی جوابی فائرنگ کی وجہ سے کسی بھارتی فوجی کے ہلاک ہونے کی کوئی اطلاع نہیں ہے۔
دوسری طرف اطلاعات کے مطابق بھارتی حکام نے دعوی ٰ کیا ہے پاکستانی فوج کی بلااشتعال فائرنگ سے ایک بھارتی فوجی ہلاک اور سات افراد زخمی ہو گئے۔
بھارتی حکام نے الزام عائد کیا ہے کہ پاکستان نے جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے بلااشتعال فائرنگ کی جس کی وجہ سے بھارتی بارڈر سکیورٹی فورس کا ایک اہلکار ہلاک ہو گیا اور چار اہلکار زخمی ہو گئے ہیں۔
آئی ایس پی آر نے الزام عائد کیا کہ بھارت کی طرف سے بلااشتعال فائرنگ کا سلسلہ 16 جولائی کی شام کو شروع ہوا ۔
گزشتہ سال اکتوبر میں بھی پاکستانی اور بھارتی فوج کے درمیان ورکنگ باؤنڈری پر فائرنگ کے واقعات ہوئے تھے۔
پاکستان اور بھارت کے زیر انتطام کشمیر کو تقسیم کرنے والی لائن آف کنٹرول کی لمبائی تقریبا 740 کلومیٹر ہے اور گزشتہ کچھ عرصے سے یہاں بھی دونوں اطراف سے فائرنگ کے کئی واقعات ہو چکے ہیں۔
ان واقعات کی وجہ سے دونوں ہمسایہ ایٹمی قوتوں کے درمیان تعلقات میں کشیدگی بھی دیکھنے میں آچکی ہے تاہم دونوں ملکوں نے اعلیٰ سطحی ملاقاتوں میں ایسے واقعات سے بچنے کے لیے وضع کردہ طریقہ کار پر موثر عملدرآمد پر اتفاق کیا ہے۔