پاکستان اور بھارت کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ

فائل فوٹو

پاکستانی اور بھارتی حکام ایک دوسرے پر فائربندی کی خلاف ورزی اور فائرنگ میں پہل کرنے کا الزام عائد کرتے رہے ہیں۔

پاکستان نے دعویٰ کیا ہے کہ جمعرات کی صبح لائن آف کنٹرول پر استور کے علاقے میں بھارت کے سرحدی فوجیوں نے 'بلا اشتعال' فائرنگ کی۔

فوج کے شعبہ تعلقات عامہ 'آئی ایس پی آر' کے مطابق استور کے گلتری سیکٹر پر پاکستانی اہلکاروں نے موثر جوابی کارروائی کی، جس کے بعد فائرنگ کا سلسلہ رک گیا۔

اس سے قبل حالیہ ہفتوں میں کشمیر میں حد بندی لائن کے علاوہ ورکنگ باؤنڈری پر سیالکوٹ کے قریب پاکستانی اور بھارتی سرحدی فورسز کے اہلکاروں کے درمیان فائرنگ کے تبادلے کے کئی واقعات ہو چکے ہیں۔

جمعرات کو ہونے والے فائرنگ کے تبادلے میں دونوں طرف سے کسی طرح کے جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی ہے۔

بھارت کی طرف سے فائرنگ کے تازہ واقعہ سے متعلق کوئی بیان تاحال سامنے نہیں آیا ہے۔

پاکستانی اور بھارتی حکام ایک دوسرے پر فائربندی کی خلاف ورزی اور فائرنگ میں پہل کرنے کا الزام عائد کرتے رہے ہیں۔

پاکستان اور بھارت کے زیر انتطام کشمیر کو تقسیم کرنے والی لائن آف کنٹرول تقریباً 740 کلو میٹر طویل ہے اور گزشتہ کچھ عرصے سے یہاں بھی دونوں جانب سے فائرنگ کے کئی واقعات ہو چکے ہیں۔

کشمیر کا علاقہ جنوبی ایشیا کی دونوں ہمسایہ ایٹمی قوتوں کے درمیان روز اول ہی سے متنازع ہے۔

دونوں ملکوں کے درمیان 2003ء میں کشمیر میں لائن آف کنٹرول پر فائربندی کا معاہدہ طے پایا تھا لیکن اس کے باوجود یہاں اکثر فائرنگ اور گولہ باری کا تبادلہ ہوتا رہا ہے۔

اگرچہ پاکستانی وزیراعظم نواز شریف اور اُن کے بھارتی ہم منصب نریندر مودی کے درمیان ملاقات کے علاوہ خطوط اور مثبت پیغامات کے تبادلے کے بعد دوطرفہ تعلقات میں بظاہر کچھ بہتری آئی ہے لیکن اب بھی سرحدی کشیدگی کے ایسے واقعات خطے کے امن کے لیے خطرہ سمجھے جاتے ہیں۔

پاکستان اور بھارت کے سیکرٹری خارجہ کے درمیان گزشتہ ہفتے ٹیلی فون پر رابطے میں اتفاق کیا گیا تھا کہ اُن کے درمیان ملاقات 25 اگست کو اسلام آباد میں ہو گی۔

رواں سال مئی میں بھارتی وزیراعظم کی تقریب حلف برداری کے موقع پر وزیراعظم نواز شریف اور نریندر مودی میں ہونے والی بات چیت میں دونوں ملکوں کے سیکرٹری خارجہ کے درمیان ملاقات پر اتفاق کیا گیا تھا۔

پاکستانی سیکرٹری خارجہ اعزاز احمد چوہدری کہہ چکے ہیں کہ اُن کی اپنی بھارتی ہم منصب سوجھاتا سنگھ سے ہونے والی بات چیت میں دیگر معاملات کے علاوہ کشمیر میں سرحد پر ہونے والے فائرنگ کے واقعات بھی زیر بحث آئیں گے۔