پی آئی اے کے ملازمین کی چار روزہ ہڑتال ختم ہونے کے بعد ہفتے کو اندرون ملک اور بین الاقوامی پروازوں کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے اور ملک کے تمام ہوائی اڈوں سے معمول کی پروازیں شروع ہوگئی ہیں۔
ایک روز قبل قومی فضائی کمپنی کے ملازمین کے رہنماؤں اور حکومت کے مابین کامیاب مذاکرات اور پی آئی اے کے مینیجنگ ڈائریکٹر اعجاز ہارون کے استعفے کے بعدہڑتال اور احتجاج ختم کردیا گیاتھا۔ ہڑتال کے باعث گذشتہ چار روز میں متعدد پروازیں منسوخ ہونے سے مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا رہا جب کہ ادارے کو بھی کروڑوں روپے کا نقصان ہوا۔
ہڑتال ختم ہونے کے بعد ملازمین اپنے اپنے کاموں پر واپس آگئے ہیں اور فلائیٹ آپریشن پوری طرح بحال ہوچکا ہے تاہم فضائی کمپنی کے مطابق فی الحال بعض پروازوں میں مسافروں کو تاخیر کا سامنا ہوسکتا ہے۔