پاکستان ایئرلائنز پائلٹس ایسوسی ایشن یعنی ’پالپا‘ نے سات روز سے جاری احتجاج فوری طور پر ختم کرنے کا اعلان کیا ہے۔
اسلام آباد میں سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے ہوا بازی کی مداخلت پر ’پالپا‘ نے اپنا احتجاج ختم کرنے کا اعلان کیا۔
پائلٹس ایسوسی ایشن کے ایک عہدیدار کیپٹن رفعت حسین نے وائس آف امریکہ سے گفتگو میں کہا کہ کمیٹی نے پاکستان کی قومی فضائی کمپنی، پالپا اور سول ایوی ایشن اتھارٹی سے کہا ہے کہ وہ اپنے معاملات حل کریں اور دو روز بعد دوبارہ کمیٹی کو اس بارے میں آگاہ کریں۔
سینیٹ کی کمیٹی کی طرف سے کہا گیا کہ اس ساری صورت حال سے عوام کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔
پالپا کا کہنا تھا کہ حالیہ مہینوں میں ’پی آئی اے‘ نے کچھ نئے جہاز خریدے اور پائلٹس کے اوقات کار بڑھا دیئے جس کے خلاف اُنھوں نے احتجاج کیا۔
پاکستان کی قومی ایئرلائن کے چیئرمین ناصر جعفر نے منگل کو ایک نیوز کانفرنس میں کہا تھا کہ پائلٹس کی ایسوسی ایشن کی ہڑتال کے باعث صورتحال سے نمٹنے کے لیے ایک متبادل منصوبہ بندی کی گئی ہے۔
پی آئی اے کے چیئرمین کا دعویٰ تھا کہ 90 فیصد پائلٹس قومی ائیر لائن کے ساتھ ہیں اور اُن ہی کے تعاون کی وجہ سے پروازیں اب معمول کے مطابق چل رہی ہیں۔