پاکستان کے صدر آصف علی زرداری نے سید مسعود کوثر کو ملک کے شمال مغربی صوبے خیبر پختون خواہ کا گورنر نامزد کیا ہے۔
ایوان صدر سے منگل کو جاری ہونے والے ایک بیان کے مطابق صدر زرداری نے یہ نامزدگی وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی کے مشورے پر کی ہے۔
صدر زرداری نے مسعود کوثر کو مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ اُنھیں امید ہے کہ وہ صوبے میں شدت پسندی کے خلاف لڑائی میں اپنا کردار ادا کرنے کے علاوہ صوبے اور اس سے ملحقہ وفاق کے زیر انتظام قبائلی علاقوں کی ترقی پر خصوصی توجہ دیں گے۔
پاکستان کا یہ علاقہ گذشتہ چند سالوں سے شدت پسندوں کی پرتشدد کارروائیوں کا نشانہ بنا ہوا ہے اور سکیورٹی فورسز یہاں کئی بھرپور فوجی آپریشن کر چکی ہیں۔
سید مسعود کوثر سینیٹر، مشیر اور حکمران جماعت پاکستان پیپلز پارٹی کے صوبائی صدر کے عہدوں پر فائض رہنے کے علاوہ بطور اسپیکر صوبائی اسمبلی کی خدمات بھی سر انجام دے چکے ہیں۔ وہ معروف شاعر احمد فراز کے بھائی ہیں۔