پینٹگان کا کہنا ہے کہ پاکستان نے اُس امریکی فوجی ہیلی کاپٹر کا ملبہ واپس کردیا ہے جو ایبٹ آباد، پاکستان میں اسامہ بن لادن کو ہلاک کیے جانے کے دوران تباہ ہوگیا تھا۔
ترجمان کرنل ڈیو لَپان نے منگل کے دِن وائس آف امریکہ کو بتایا کہ ہیلی کاپٹر کا ملبہ پچھلے کے ہفتہ کے آخر میں واپس کیا گیا۔ اُنھوں نے کسی خاص مقام کی نشاندہی نہیں کی۔
امریکی خصوصی افواج نے دو مئی کے فوجی آپریشن کے دوران ناکارہ ہوجانے والے طیارے کو تباہ کردیا تھا جب پاکستانی شہر ایبٹ آباد میں القاعدہ کے لیڈر کے خلاف فوجی کارروائی جاری تھی۔
امریکی فوجی عہدے داروں نےاِس خدشے کا اظہار کیا تھا کہ ہیلی کاپٹر کی جدید ترین ٹیکنالوجی غلط ہاتھ لگ سکتی ہے، جس کی کہیں اور نقل تیار کی جاسکتی ہے۔
پاکستانی قیادت نے خفیہ امریکی کارروائی پر نکتہ چینی کرتے ہوئے اِسے پاکستان کےاقتدارِ اعلیٰ کی خلاف ورزی قرار دیا اور آئندہ کسی یکطرفہ کارروائی پر انتباہ جاری کیا ہے۔
امریکی کارروائی کےباعث دونوں ملکوں کےتعلقات مزیدکشیدہ ہوئے۔