احمد آباد کراؤڈ کا 'نامناسب رویہ'؛ پی سی بی نے آئی سی سی سے شکایت کر دی

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے احمد آباد میں پاکستان اور بھارت میچ کے دوران کراؤڈ کے 'نامناسب رویے' پر آئی سی سی سے شکایت کر دی ہے۔

احمد آباد کے نریندر مودی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں ایک لاکھ سے زائد شائقین میچ دیکھنے کے لیے موجود تھے جن میں تقریباً سب ہی بھارتی شائقین تھے۔

منگل کو ترجمان پی سی بی کی جانب سے جاری کیے گئے بیان میں پاکستانی صحافیوں اور شائقین کو تاحال بھارتی ویزے جاری نہ کرنے کا معاملہ بھی آئی سی سی کے سامنے اُٹھا دیا گیا ہے۔

ترجمان کے مطابق پی سی بی نے 14 اکتوبر کو پاکستان اور بھارت کے میچ کے دوران پاکستانی کھلاڑیوں کے ساتھ 'نامناسب رویے' کے معاملے پر شکایت بھی کی ہے۔

خیال رہے کہ ہفتے کو احمد آباد میں پاک بھارت میچ کے دوران محمد رضوان کے آؤٹ ہونے اور پویلین لوٹنے کے دوران بعض شائقین کی جانب سے مبینہ طور پر 'جے شری رام' کے نعرے لگائے تھے۔

اس سے قبل ٹاس کے موقع پر جب کمنٹیٹر نے بابر اعظم سے گفتگو کا آغاز کیا تو کراؤڈ کی جانب سے ناگواری کا اظہار کیا گیا تھا۔

سوشل میڈیا پر بھی کئی ایسی ویڈیوز گردش کر رہی ہیں جس میں بھارتی شائقین پاکستان مخالف نعرے بازی کر رہے ہیں۔

احمد آباد میں کراؤڈ کے رویے کا معاملہ بھارت میں بھی موضوعِ بحث ہے۔ بھارت میں بعض حلقے کراؤڈ کے رویے کو افسوس ناک قرار دے رہے ہیں تو بعض مبصرین کا کہنا ہے کہ ماضی میں پاکستان میں بھی بھارتی کھلاڑیوں کو ایسے رویے کا سامنا رہا ہے۔

بھارت نے اس ہائی وولٹیج ٹاکرے کو سات وکٹوں سے اپنے نام کر لیا تھا۔

بھارت نے ٹاس جیت کر پہلے پاکستان کو بیٹنگ کی دعوت تھی جس کی پوری ٹیم 191 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی تھی۔