سنسنی خیز مقابلے کے بعد پاکستان کو شکست، سیریز جنوبی افریقہ کے نام

جوہنزبرگ میں کھیلے گئے ٹی ٹوئنٹی سیریز کے دوسرے میچ میں ایک بار پھر پاکستان کو شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ جنوبی افریقہ نے یہ میچ سنسنی خیز مقابلے کے بعد 7 رنز سے جیت لیا۔ جنوبی افریقہ نے پہلا میچ بھی 6 رنز سے جیت لیا تھا۔ یوں تین میچوں کی یہ سیریز جنوبی افریقہ نے اپنے نام کر لی ہے۔

اس میچ میں جنوبی افریقہ نے پہلے کھیلتے ہوئے تین وکٹوں پر 188 رنز بنائے جس میں کپتان ڈیوڈ ملر کی دھواں دار اننگ نے اہم کردار ادا کیا۔ اُنہوں نے صرف 29 گیندوں پر 5 چھکوں اور 4 چوکوں کی مدد سے ناقابل شکست 65 رنز کی اننگ کھیلی۔ اُن کے علاوہ وینڈرڈوسن نے 27 گیندوں پر 45، ملان نے 31 گیندوں پر 33 اور اوپنر ہینڈرکس نے 27 گیندوں پر 28 رنز بنائے۔

پاکستان کی طرف سے عثمان خان شنواری اور حسن علی مہنگے ترین بالر ثابت ہوئے جنہوں نے چار چار اووروں میں 63 اور 48 رنز دئے۔

یوں پاکستان کو 189 رنز کا ہدف ملا۔ اس ہدف کے تعقب میں پاکستان کا آغاز شاندار رہا اور بابر اعظم اور فخر زمان نے اوپننگ پارٹنرشپ میں چار اووروں میں 45 رنز بنا ڈالے۔ تاہم اس موقع پر فخر زمان ہینڈرکس کے گیند پر ملان کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے۔ دوسری جانب بابر اعظم نے اپنی زور دار بیٹنگ جاری رہی اور بالآخر وہ 17ویں اوور کی پہلی گیند پر 90 رنز بنا کر ہینڈرکس ہی کی گیند پر ڈالا کو کیچ دے بیٹھے۔ اُس وقت پاکستان نے 158 رنز بنا لئے تھے اور اسے میچ جیتنے کیلئے 17 گیندوں پر 31 رنز کی ضرورت تھی۔ تاہم 19 ویں اوور کی تیسری گیند پر حسین طلعت کے آؤٹ ہونے کے بعد جیت کی اُمیدیں دم توڑ گئیں اور پاکستانی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹیں کھو کر 181 رنز ہی بنا سکی اور یوں یہ میچ جنوبی افریقہ نے 7 رنز سے جیت لیا۔

جنوبی افریقہ کے کپتان ڈیوڈ ملر کو 29 گیندوں پر 65 رنز کی اننگ کھیلنے پر مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔

تین ٹی ٹوئنٹی میچوں کی یہ سیریز 0-2 کے ساتھ جنوبی افریقہ کے نام ہو چکی ہے۔ سیریز کا تیسرا اور آخری میچ بدھ کے روز کھیلا جائے گا۔

وائس آف امریکہ اردو کی سمارٹ فون ایپ ڈاون لوڈ کریں اور حاصل کریں تازہ تریں خبریں، ان پر تبصرے اور رپورٹیں اپنے موبائل فون پر۔

ڈاون لوڈ کرنے کے لیے نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

اینڈرایڈ فون کے لیے:

https://play.google.com/store/apps/details?id=com.voanews.voaur&hl=en

آئی فون اور آئی پیڈ کے لیے:

https://itunes.apple.com/us/app/%D9%88%DB%8C-%D8%A7%D9%88-%D8%A7%DB%92-%D8%A7%D8%B1%D8%AF%D9%88/id1405181675