کرکٹ ورلڈ کپ کے لیے پاکستانی اسکواڈ کا اعلان جمعرات کی شام کیا جائے گا۔ چیف سلیکٹر انضمام الحق پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے دیگر حکام کے ہمراہ ٹیم کا اعلان لاہور میں ایک پریس کانفرنس میں کریں گے۔
بعض پاکستانی ذرائع ابلاغ نے دعویٰ کیا ہے کہ اسکواڈ میں کپتان سرفراز احمد، امام الحق، فخر زمان، بابر اعظم، شعیب ملک، محمد حفیظ، حارث سہیل، عابد علی، عماد وسیم، شاداب خان، محمد عامر، حسن علی، فہیم اشرف، شاہین شاہ آفریدی اور محمد حسنین کی شمولیت یقینی ہے جب کہ محمد حفیظ کی شمولیت ان کی فٹنس سے مشروط ہے۔
پاکستان میگا ایونٹ کے لیے اسکواڈ کا اعلان کرنے والا چھٹا ملک ہوگا۔ اس سے پہلے نیوزی لینڈ، آسٹریلیا، بھارت، بنگلہ دیش اور انگلینڈ اپنی اپنی ٹیموں کا اعلان کرچکے ہیں۔
ورلڈ کپ 2019ء انگلینڈ اور ویلز میں 30 مئی سے 14 جولائی تک کھیلا جائے گا۔ ایونٹ کے پہلے میچ میں میزبان ملک انگلینڈ اور جنوبی افریقہ کی ٹیمیں آمنے سامنے ہوں گی۔
پی سی بی کی قومی سلیکشن کمیٹی اور ٹیم انتظامیہ کے درمیان معاہدوں کی مدت ورلڈ کپ تک ہی تھی اور اب یہ مدت مکمل ہو رہی ہے۔ لہذا ورلڈ کپ کے لیے ٹیم کا اعلان قومی سلیکشن کمیٹی اور پاکستانی ٹیم کی انتظامیہ کا آخری اسائنمنٹ ہوگا۔ اس کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ کو قومی سلیکشن کمیٹی اور ہیڈ کوچ مکی آرتھر سے نئے معاہدے کرنا ہوں گے۔
ورلڈ کپ میں پاکستان کو مجموعی طور پر نو میچ کھیلنا ہیں جن میں سے پہلا میچ 31 مئی کو ویسٹ انڈیز سے ہوگا۔
اسی طرح انگلینڈ سے 3 جون، سری لنکا سے 7 جون، آسٹریلیا سے 12 جون، بھارت سے اہم ترین میچ 16 جون، جنوبی افریقہ سے 23 جون، نیوزی لینڈ سے 26 جون، افغانستان سے 29 جون اور بنگلہ دیش سے 5 جولائی کو مقابلہ ہوگا۔
ورلڈ کپ کے لیے قومی ٹیم کا اعلان ایسے وقت کیا جا رہا ہے جب ایک روز قبل ہی کوئٹہ میں پی سی بی کے بورڈ آف گورنرز کے اجلاس میں بورڈ کے بیشتر ارکان نے چیئرمین پی سبی احسان مانی کے بعض فیصلوں سے اختلاف کیا تھا۔
بورڈ کے کئی ارکان نے ڈپارٹمنٹل کرکٹ ختم کرنے کی پی سی بی کی تجویز کی مخالفت کی تھی اور بورڈ میں منیجنگ ڈائریکٹر وسیم خان کی تقرری پر بھی اعتراض کیا تھا۔