انگلینڈ نے چار ایک روزہ بین الاقوامی میچوں کی سیریز کے دوسرے میچ میں پاکستان کو 95 رن سے شکست دیدی ہے۔
جمعے کو ابوظہبی کے شیخ زید اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے میچ میں انگلینڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے پاکستان کو 284 رن کا ہدف دیا تھا۔
جواباً پاکستان کی پوری ٹیم 5ء45 اوور میں صرف 188 رن بنا کر آؤٹ ہوگئی۔ پاکستان کی وکٹیں گرنے کا سلسلہ تیسرے اوور سے شروع ہوا اور 64 رن بنانے والے سرفراز احمد کے علاوہ کوئی بلے باز بھی قابلِ ذکر کارکردگی کا مظاہرہ نہ کرسکا۔
انگلینڈ کی جانب سے کرس ووآکس نے چار اور ڈیوڈ ولی نے تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
آج کے میچ میں انگلینڈ کی فتح کے بعد چار میچوں کی سیریز 1-1 سے برابر ہوگئی ہے۔ سیریز کے پہلے میچ میں پاکستان نے چھ وکٹوں سے فتح حاصل کی تھی۔
اس سے قبل جمعے کو کھیلے جانے والے میچ میں انگلینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تھا اور مقررہ 50 اوور میں پانچ وکٹوں کے نقصان پر 283 رن بنائے تھے۔
سیریز کے پہلے میچ کے برعکس جمعے کو انگلش بلے بازوں نے محتاط بیٹنگ کی اور پاکستانی بالروں کا سنبھل کر سامنا کیا۔ انگلینڈ کی پہلی وکٹ اٹھارہویں اوور میں گری جب جیسن رائے 54 رن بنا کر آؤٹ ہوئے۔
اوپنر ایلکس ہیل نے جم کر بلے بازی کی اور ٹیم کو ایک پراعتماد آغاز فراہم کیا۔ وہ 39 ویں اوور میں 109 رن بنا کر آؤٹ ہوئے تو انگلینڈ کا اسکور دو وکٹوں کے نقصان پر 216 رن تھا۔
جو روٹ 63 اور ایان مورگن 29 رن بنا کر آؤٹ ہوئے۔ پاکستان کی جانب سے وہاب ریاض نے 43 رن دے کر تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ محمد عرفان اور افتخار احمد نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
سیریز کا تیسرا میچ 17 نومبر کو شارجہ میں کھیلا جائے گا۔