یاسر شاہ کی تباہ کن بالنگ کے باعث پاکستان نے دوسرے ٹیسٹ میں نیوزی لینڈ کو اننگز اور 16 رنز سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز 1-1 سے برابر کردی ہے۔
ٹیم کی جیت میں مرکزی کردار ادا کرنے والے یاسر شاہ کو جادوئی بالنگ پر مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔ انہوں نے ٹیسٹ میں مجموعی طور پر 14 وکٹیں لیں۔
عمران خان کا 36 سال پرانا ریکارڈ برابر
یاسر شاہ نے ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں 8 اور دوسری اننگز میں 6 وکٹیں لے کر مجموعی طور پر 14 شکار کیے۔
اس طرح انہوں نے عمران خان کا 36 سال پرانا ریکارڈ برابر کردیا۔ سابق فاسٹ بالر نے بھی سری لنکا کے خلاف ٹیسٹ میں 14 وکٹیں لی تھیں۔
اس کے ساتھ ساتھ یاسر شاہ 14 وکٹوں کے ساتھ نیوزی لینڈ کے خلاف کسی بھی ٹیسٹ میں سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے پہلے بالر بھی بن گئے ہیں۔
ٹیسٹ بالرز کے نام
دبئی ٹیسٹ کے چوتھے روز کیوی بیٹسمین اننگز کی شکست بچنے کے لیے میدان میں اترے لیکن پاکستانی بالرز کو ابتدا ہی میں کامیابی مل گئی جب حسن علی نے ٹام لیتھم کو 50 رنز پر وکٹ کیپر سرفراز احمد کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کرادیا۔
راس ٹیلر کا ساتھ دینے ہنری نکولز آئے۔ دونوں بیٹسمینوں نے عمدہ بیٹنگ کرتے ہوئے 52 رنز کا اضافہ کیا لیکن گزشتہ روز کے ناٹ آؤٹ بیٹسمین راس ٹیلر مشکل صورتِ حال میں 82 رنز کی شاندار اننگز کھیل کر آصف بلال کی گیند پر اونچا شاٹ کھیلتے ہوئے یاسر شاہ کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے۔
یاسر شاہ آج پہلے سیشن میں بھرپور کوشش کے باوجود کوئی وکٹ نہ لے سکے۔
کھانے کے وقفے کے بعد کپتان سرفراز احمد نے فاسٹ بالرز کو آزمانے کا فیصلہ کیا اور نئی بال لی لیکن محمد عباس اور حسن علی ٹیم کو بریک تھرو نہ دلاسکے۔
اس دوران ویٹلنگ اور نکولز نے پانچویں وکٹ کی شراکت میں 57 رنز جوڑ لیے تھے جو نیوزی لینڈ کی اس اننگز میں مسلسل چوتھی 50 یا اُس سے زائد رنز کی شراکت تھی۔
سرفراز نے یاسر شاہ کو دوبارہ آزمانے کا فیصلہ کیا جو درست ثابت ہوا اور ویٹلنگ 27 رنز بناکر یاسر شاہ کا شکار بن گئے۔
نئے بیٹسمین ڈی گرینڈ ہوم کو حسن علی نے 14 رنز پر کلین بولڈ کیا۔ سودھی صرف 4 رنز بناکر یاسر شاہ کی گیند پر کلین بولڈ ہوئے جب کہ پاکستانی بالرز کے سامنے سخت مزاحمت کرنے والے ہنری نکولز کو حسن علی نے 77 رنز پر پویلین کی راہ دکھائی۔
نیل ویگنر اور ٹرینٹ بولٹ کو بھی یاسر شاہ نے شکار کیا۔ یوں 328رنز کے تعاقب میں کیوی ٹیم اپنی دوسری اننگز میں 312 رنز بناسکی اور پاکستان نے یہ میچ اننگز اور 16 رنز سے اپنے نام کرلیا۔
دوسری اننگز میں یاسر شاہ نے چھ، حسن علی نے تین اور بلا ل آصف نے ایک وکٹ لی۔ محمد عباس میچ میں کوئی وکٹ نہ لے سکے۔
آخری اسکور یہ رہا: پاکستان 418 رنز پانچ کھلاڑی آؤٹ پر اننگز ڈکلیئر۔ نیوزی لینڈ 90 اور 312 رنز۔
سیریز کا آخری اور فیصلہ کن ٹیسٹ 3 دسمبر سے ابوظہبی میں کھیلا جائے گا۔