سعودی عرب کے خلاف حیران کن گول کرنے والی ماریہ خان کون ہیں؟

ماریہ خان (فائل فوٹو)

سعودی عرب میں کھیلے گئےچار ملکی ویمنز فٹ بال ٹورنامنٹ کے فائنل میں پاکستان کی کپتان ماریہ خان نے میچ کے65ویں منٹ میں گول کرکے نہ صرف شائقین کو حیران کیا بلکہ میزبان ٹیم کے خلاف میچ ڈرا کرا دیا۔

جمعرات کی شب کھیلے گئے اس میچ کا اختتام تو ایک, ایک گول سے برابری پر ہوا۔ لیکن پوائنٹس ٹیبل پر زیادہ پوائنٹس ہونے کی وجہ سے میزبان ٹیم کو چیمپئن قرار دیا گیا جب کہ پاکستان نے دوسری پوزیشن حاصل کی۔

پاکستان کی ویمنز فٹ بال ٹیم کے لیے یہ کسی کارنامے سے کم نہیں کیوں کہ گرین شرٹس کی مینز اور ویمنز ٹیم بہت کم کسی ٹورنامنٹ کے فائنل میں جگہ بناتی ہے۔ لیکن ماریہ خان کے گول کی دنیا بھر میں دھوم ہے۔

اس گول کی خاص بات یہ ہے کہ پاکستانی کپتان نے فری کک پر کسی کھلاڑی کو پاس دینے کے بجائے بال ڈائریکٹ گول میں پھینک دی جس کے بعد اسٹیڈیم میں موجود تماشائیوں نے ان کے لیے کھڑے ہو کر تالیاں بجائیں۔

ماریہ خان کے اس گول کی ویڈیو سوشل میڈیا پر پوسٹ ہوئی تو فورا ہی وائرل ہوگئی ۔



وزیرِاعظم پاکستان شہباز شریف نےبھی ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں ماریہ خان کا نام لے کر ان کے گول کی تعریف کی اور پاکستان ٹیم کی دوسری پوزیشن پر انہیں مبارک باد دی۔


ماریہ خان کون ہیں اوران کا تعلق چیمپئنز کےخاندان سے کیسے ہے؟

پاکستان ویمنز فٹ بال ٹیم کی کپتان اور اسٹار کھلاڑی ماریہ خان نہ صرف ایک پروفیشنل فٹ بالر ہیں بلکہ ان کا تعلق صوبہ خیبر پختونخوا کےاس اسپورٹس گھرانے سے ہے جس میں چیمپئنز ہی پیدا ہوتے ہیں۔


وہ پاکستان کے پہلے اسکواش لیجنڈ ہاشم خان کی نواسی ہیں جنہوں نے 50 کی دہائی میں سات بار برٹش اوپن ٹینس چیمپئن شپ کا ٹائٹل جیتا۔ اس لحاظ سے اسکواش کے سب سے کامیاب کھلاڑی جہانگیر خان بھی ان کے دور کے رشتہ دار ہیں۔


اکتیس سالہ ماریہ خان امریکہ میں پیدا ہوئیں اور وہیں پلی بڑھیں، انہوں نے فٹ بال کرئیر کا آغاز 2009 میں ڈنیور پائینیرز کی بطور گول کیپر نمائندگی سے کیا تاہم چار سال بعد جب وہ متحدہ عرب امارات ماسٹرز ڈگری لینے گئیں تو ویاں وہ مقامی ٹیم کی نمائندگی کرتے ہوئے مڈفیلڈر کی پوزیشن پر منتقل ہوگئیں۔



اسی پوزیشن پرانہوں نے 2018 میں پاکستان میں کھیلی جانے والی نیشنل ویمنز فٹ بال چیمپئن شپ میں واپڈا کی نمائندگی کی۔گزشتہ سال انہیں حاجرہ خان کی جگہ پاکستان کی فٹ بال ٹیم کا کپتان مقرر کیا گیا، تب سے لے کر اب تک وہ اپنا انٹرنیشنل لیول کا تجربہ بھی کھلاڑیوں سے شیئر کررہی ہیں۔


ماریہ خان کے گول کی دنیا بھر میں دھوم، 'بینڈ ایٹ لائیک بیکہم' کی یاد آگئی

سعودی عرب کے خلاف میچ میں شان دار کارکردگی پر جہاں ماریہ خان کو پلیئر آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا وہیں دنیا بھر میں ان کے گول کی دھوم مچ گئی۔


فٹ بال کی عالمی تنظیم فیفا نے اپنے سوشل میڈیا پر سعودی عرب کی ٹیم کو مبارک باد دیتے ہوئے پاکستان کی ویمنز فٹ بال ٹیم کی انٹرنیشنل لیول پر واپسی کو بھی سراہا۔


پاکستان کی ویمن کرکٹر اور کمنٹیٹر عروج ممتاز نے بھی اس شا ن دار گول پر تبصرہ کرتے ہوئے لکھا ' ماریہ خان شان دار' ۔


ایک صارف ثمن صدیقی نے تو اس گول کی تعریف کرتے ہوئے ماریہ خان کو ہالی وڈ کی فلم 'بینڈ ایٹ لائیک بیکہم' سے بھی ملادیا جس میں مرکزی کردار ادا کرنے والی لڑکی کچھ اسی طرح کی کک مارتی ہے جیسے کہ ماریہ نے ماری۔


ایک اور صارف شاہجہاں خرم نے بھی ماریہ خان کی فری کک کو بہترین قرار دیا۔