پاکستان کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ اور چیف سلیکٹر مصباح الحق نے بنگلہ دیش کے خلاف تین میچز پر مشتمل ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لیے 15 رکنی اسکواڈ کا اعلان کر دیا ہے۔
بنگلہ دیش کی کرکٹ ٹیم مکمل سیریز کے لیے تین مختلف مراحل میں پاکستان کا دورہ کرے گی اور دورے کا آغاز لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں 24 سے 27 تاریخ تک تین ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز سے ہو گا۔
لاہور میں جمعرات کو مصباح الحق نے بابر اعظم کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے ٹیم کا اعلان کیا اور کہا کہ بنگلہ دیش کے خلاف ٹیم کی قیادت بابر اعظم کریں گے۔
پاکستان کے اسکواڈ میں محمد حفیظ، شعیب ملک اور شاہین شاہ آفریدی کی واپسی ہوئی ہے جب کہ احسان علی، حارث رؤف اور عماد بٹ کو پہلی مرتبہ اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے۔
پاکستان ٹیم کے سینئر فاسٹ بالر وہاب ریاض اور محمد عامر کے علاوہ فخر زمان اور حارث سہیل ٹیم میں جگہ نہ بنا سکے۔
بنگلہ دیش کے خلاف پاکستان کا اسکواڈ کپتان بابر اعظم، محمد حفیظ، شعیب ملک، افتخار احمد، محمد رضوان، عماد وسیم، شاداب خان، عثمان قادر، عماد بٹ، محمد حسنین، شاہین شاہ آفریدی، خوش دل شاہ، محمد موسیٰ، احسان علی اور حارث رؤف پر مشتمل ہے۔
کھلاڑیوں کے ناموں کے اعلان کے بعد مصباح الحق نے کہا کہ ٹیم میں سینئر اور جونیئر کا کمبی نیشن رکھا گیا ہے اور نوجوان کھلاڑیوں کو موقع دینے کے لیے اسکواڈ میں شامل کیا ہے۔
چیف سلیکٹر کا کہنا تھا کہ محمد عامر اور وہاب ریاض جیسے سینئرز ٹیم میں ہوں تو نوجوانوں کو موقع دینا دشوار ہو جاتا ہے۔ ان کے بقول، کامران اکمل، سلمان بٹ سمیت ہر کھلاڑی کی پرفارمنس دیکھ رہے ہیں اور جو ٹیم میں اچھا پرفارم کرے گا وہ ٹیم میں شامل ہو گا۔
مصباح الحق کا مزید کہنا تھا کہ شاداب خان پر کام ہو رہا ہے جب کہ عثمان قادر کو بیک اپ کے لیے رکھا ہے۔
نئے کھلاڑیوں کے انتخاب سے متعلق سوال پر مصباح الحق نے کہا کہ پاکستان سپر لیگ کے بعد کافی جواب ملیں گے اور ٹیم کی شکل بنتی دکھائی دے گی۔
یاد رہے کہ بنگلہ دیش کی ٹیم ٹی ٹوئنٹی سیریز کے بعد سات سے 11 فروری تک راولپنڈی میں ایک ٹیسٹ میچ کھیلے گی۔
پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 2020 کے اختتام پر دونوں ٹیموں کے درمیان ایک ون ڈے انٹرنیشنل میچ تین اپریل کو کراچی میں کھیلا جائے گا۔ دونوں ٹیموں کے درمیان آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ میں شامل دوسرا ٹیسٹ میچ پانچ سے نو اپریل تک کراچی میں ہو گا۔
Your browser doesn’t support HTML5