پاکستان کرکٹ کے شائقین اب نیوزی لینڈ، انگلینڈ اور آسٹریلیا سمیت دیگر بین الاقوامی ٹیموں کو اپنے ہوم گراؤنڈز میں ایکشن میں دیکھیں گے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے مطابق سال 2022 میں آسٹریلیا، ویسٹ انڈیز، انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کی ٹیمیں پاکستان آ کر کھیلیں گے۔
سیکیورٹی وجوہات پر پاکستان کا دورہ منسوخ کرنے والی نیوزی لینڈ کی ٹیم اب دو مرتبہ پاکستان کا دورہ کرے گی۔
پہلی مرتبہ کیویز ٹیم دسمبر 2022 اور جنوری میں پاکستان آئے گی جب وہ دو ٹیسٹ اور تین ایک روزہ میچز کھیلے گی۔ دوسری مرتبہ نیوزی لینڈ کی ٹیم اپریل 2023 میں پاکستان کا دورہ کرے گی۔ اس دورے میں مہمان ٹیم پانچ ون ڈے انٹرنیشنل اور پانچ ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے گی۔
آسٹریلوی ٹیم اپریل 2022 میں تین ٹیسٹ، تین ون ڈے انٹرنیشنل اور ایک ٹی ٹوئنٹی میچز پاکستان میں کھیلے گی۔ آسٹریلیا نے آخری بار 1999-1998 میں پاکستان کا دورہ کیا تھا۔
آسٹریلیا کے بعد جون 2022 میں ویسٹ انڈیز کی ٹیم تین ایک روزہ میچز کھیلنے کے لیے پاکستان آئے گی۔ اسی برس ستمبر میں انگلینڈ کی ٹیم سات ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کھیلنے کے لیے پاکستان پہنچے گی۔
خیال رہے کہ انگلینڈ کی ٹیم کو رواں برس پاکستان کا دورہ کرنا تھا۔ لیکن نیوزی لینڈ کی جانب سے سیکیورٹی وجوہات پر یکطرفہ طور پر دورۂ پاکستان منسوخ کرنے کے بعد انگلینڈ نے بھی پاکستان آنے سے انکار کردیا تھا۔
اب سال 2022 میں انگلینڈ کی ٹیم دو مرتبہ پاکستان آئے گی۔ ستمبر کے بعد دسمبر 2022 میں پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان تین ٹیسٹ میچز بھی کھیلے جائیں گے۔
ان ٹیموں کے دوروں کے بعد پاکستان بین الاقوامی ٹورنامنٹ کی میزبانی بھی کرے گا۔ سال 2023 میں پاکستان ایشیا کپ کی میزبانی کرے گا جس کے بعد 2025 میں آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی پاکستان میں کھیلی جائے گی۔
یاد رہے کہ 2009 میں پاکستان کے شہر لاہور میں سری لنکن کرکٹ ٹیم پر حملے سے ملک میں بین الاقوامی کرکٹ کے دروازے بند ہو گئے تھے۔ غیر ملکی ٹیموں نے پاکستان آنے سے انکار کردیا تھا اور پاکستان کو اپنی ہوم سیریز بھی متحدہ عرب امارات میں کھیلنی پڑتی تھی۔
SEE ALSO: نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کا دو مرحلوں میں دورۂ پاکستان کا اعلانملک میں لگ بھگ چھ سال تک مکمل طور پر بین الاقوامی کرکٹ معطل رہی اور پھر سال 2015 میں زمبابوے کی ٹیم نے پاکستان کا دورہ کیا۔
بعدازاں پاکستان سپر لیگ، ورلڈ الیون کے دورۂ پاکستان کے بعد ویسٹ انڈیز، سری لنکا اور بنگلہ دیش کی ٹیموں نے پاکستان کا دورہ کیا۔