امریکہ کی فوج کی میرین کور نے کہا ہے کہ اس کے دوسرے اعلیٰ ترین افسر جنرل گیری تھامس بھی کرونا وائرس کا شکار ہو گئے ہیں۔ ان کا کرونا وائرس کا ٹیسٹ بھی مثبت آیا ہے۔
خیال رہے کہ جنرل گیری تھامس امریکہ کی فوج کے دوسرے اعلیٰ ترین افسر ہیں جو کہ رواں ہفتے عالمی وبا سے متاثر ہوئے ہیں۔
اب خدشات ظاہر کیے جا رہے ہیں کہ ان دونوں اعلیٰ افسران سے ملاقات کرنے والے پینٹاگون کے دیگر اعلیٰ حکام بھی وائرس سے متاثر ہو سکتے ہیں۔
جنرل گیری تھامس میرین کور کے اسسٹنٹ کمانڈنٹ ہیں۔ ان میں کرونا وائرس کی معمولی علامات ظاہر ہوئی ہیں۔ انہوں نے خود کو اپنے گھر میں قرنطینہ کر لیا ہے۔
امریکی فوج کی جوائنٹ چیفس آف اسٹاف میں شامل تمام اعلیٰ فوجی افسران قرنطینہ میں جا چکے ہیں۔ ان میں چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف جنرل مارک ملی بھی شامل ہیں۔
Your browser doesn’t support HTML5
اعلیٰ فوجی افسران اس اجلاس کے بعد قرنطینہ میں گئے ہیں جس میں جنرل گیری تھامس اور کرونا وائرس سے متاثر ہونے والے کوسٹ گارڈز کے دوسرے اعلیٰ ترین افسر ایڈمرل چارلس رے شریک ہوئے تھے۔ ایڈمرل چارلس رے کا کرونا ٹیسٹ تین دن قبل پیر کو مثبت آیا تھا۔
کرونا وائرس کے باعث قرنطینہ میں جانے والے افسران میں بیشتر اعلیٰ ترین حکام شامل ہیں۔ ان میں نیشنل سیکیورٹی ایجنسی اور سائبر کمانڈ کے سربراہ پاول ناکاسونی سمیت آرمی، نیوی، ایئر فورس اور اسپیس فورس کے سربراہان سرِ فہرست ہیں۔
پینٹاگون کے ترجمان جوناتھن ہوفمین نے ایک بیان میں کہا ہے کہ مزید کسی بھی اور اعلیٰ افسر کا کرونا وائرس کا ٹیسٹ مثبت نہیں آیا جس کے بارے میں فی الحال آگاہ کیا جائے۔
جوناتھن ہوفمین نے مزید کہا کہ پینٹاگون امریکہ کے سینٹر فار ڈیزیز کنٹرول اینڈ پریونشن (سی ڈی سی) کی قرنطینہ کے حوالے سے ہدایات پر عمل کرتا رہے گا۔ جب کہ ایک شخص سے دوسرے کے متاثر ہونے کی بھی نشان دہی کی جاتی رہے گی۔
پینٹاگون کے ترجمان نے مزید کسی بھی قسم کی معلومات جاری نہیں کیں۔ نہ ہی یہ بتایا گیا ہے کہ مزید کسی اور اعلیٰ افسر میں وبا کی علامات ظاہر ہوئی ہیں یا نہیں۔
Your browser doesn’t support HTML5
ممکنہ طور پر ایسی معلومات سامنے آنے پر امریکہ کی نیشنل سیکیورٹی کی اعلیٰ قیادت کے حوالے سے غیر یقینی صورتِ حال کا سامنا ہو سکتا ہے۔
ایک سرکاری بیان میں کہا گیا ہے کہ وائٹ ہاؤس اور واشنگٹن میں اعلیٰ حکام کے کرونا وائرس سے متاثر ہونے سے سرکاری امور میں کسی قسم کا خلل واقع نہیں ہو رہا۔