انگلش بلے باز کیون پیٹرسن فٹنس مسائل کا شکار ہوکر ورلڈ کپ کے باقی میچز سے باہر ہوگئے ہیں جبکہ آئی سی سی نے انگلش کرکٹ بورڈ کی درخواست پر پیٹرسن کے متبادل کے طور پر ایان مورگن کی انگلش ٹیم میں شمولیت کی منظوری دیدی ہے۔
برطانوی میڈیا میں آنے والی رپورٹس کے مطابق پیٹرسن کو ہرنیا کے آپریشن کیلئے فوری طور پر واپس وطن روانہ کیا جارہا ہے اور وہ عالمی کپ کے باقی میچز
کیلئے دستیاب نہیں ہوں گے۔
اس سے قبل گزشتہ ہفتے ای سی بی کی جانب سے ایک بیان جاری کیا گیا تھا جس میں پیٹرسن کے ہرنیا کے مرض میں مبتلا ہونے کی تصدیق کی گئی تھی تاہم بورڈ نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ طبی عملے نے پیڑسن کو 2 اپریل تک جاری رہنے والے عالمی کپ میں شرکت کی اجازت دیدی ہے اوروہ ٹورنامنٹ کے بعد آپریشن کرائیں گے۔
تاہم پیر کوای سی بی کے حوالے سے میڈیا میں آنے والی اطلاعات کے مطابق پیٹرسن کو آج رات ہی وطن واپس روانہ کیا جارہا ہے جہاں آئندہ چند روز میں ان کا آپریشن متوقع ہے۔
30 سالہ برطانوی بلے باز نے سوشل نیٹ ورکنگ ویب سائٹ "ٹوئٹر" پر بھیجے گئے پیغام میں اپنی وطن واپسی کی تصدیق کرتے ہوئے عالمی کپ کے آئندہ میچز میں شریک نہ ہونے پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔
اپنے پیغام میں پیٹرسن نے پیر کی شب وطن روانگی کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ عالمی کپ اور انڈین پریمئر لیگ (آئی پی ایل)کے آئندہ سیزن میں شریک نہیں ہوسکیں گے۔
دریں اثناء انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے ای سی بی کی درخواست پر مڈل آرڈر بیٹس مین ایان مورگن کو پیٹرسن کے متبادل کے طور پر انگلش ٹیم میں شامل کرنے کی منظوری دیدی ہے۔
مورگن عالمی کپ کیلئے اعلان کردہ ابتدائی انگلش اسکواڈ میں شامل تھے تاہم ہاتھ کی ایک انگلی ٹوٹنے کے بعد ان فٹ ہوجانے کے باعث انہیں ٹیم سے باہر کردیا گیا تھا۔
انگلش ٹیم کے ایک ترجمان کے مطابق 24 سالہ مورگن ممکنہ طور پر آئندہ 48 گھنٹوں میں بنگلہ دیش پہنچ جائیں گے جہاں وہ انگلینڈ اور بنگلا دیش کے درمیان عہ کو چٹاگانگ ہونے والے گروپ میچ میں شرکت کریں گے۔
مورگن انگلینڈ کی جانب سے اب تک 38 ایک روزہ عالمی میچوں میں شریک ہوکر 1160 رنز اسکور کرچکے ہیں۔