امریکہ کے صدر جو بائیڈن نے کئی اہم عہدوں کے لیے نامزدگیوں کا اعلان کیا ہے جن میں پاکستان کے لیے سفیر کی نامزدگی بھی شامل ہے۔
وائٹ ہاؤس نے منگل کو ایک بیان میں کہا ہے کہ صدر جو بائیڈن پاکستان کے لیے ڈونلڈ آرمین بلوم کو سفیر بنانے کا ارادہ رکھتے ہیں جب کہ نیشنل ہائی وے ٹریفکنگ سیفٹی ایڈمنسٹریشن کے لیے ایڈمنسٹریٹر سمیت بعض دیگر اہم عہدوں کے لیے بھی نام سامنے آئے ہیں۔
وائٹ ہاؤس کے مطابق ڈونلڈ بلوم اس وقت تیونس میں بطور امریکی سفیر خدمات انجام دے رہے ہیں اور انہیں خارجہ امور کا وسیع تجربہ ہونے کے ساتھ ساتھ عربی زبان پر بھی عبور حاصل ہے۔
اس سے قبل ڈونلڈ بلوم افغانستان میں امریکی سفارت خانے میں بطور پولیٹیکل قونصلر اور یروشلم میں امریکی قونصلیٹ میں قونصل جنرل کی حیثیت سے خدمات انجام دے چکے ہیں۔ اس کے علاوہ ڈونلڈ بلوم عراق، مصر اور کویت میں بھی کئی عہدوں پر کام کر چکے ہیں۔
اس وقت امریکہ کی قائم مقام نائب سفیر انجیلا ایگلر پاکستان میں امریکی مشن کی ذمہ داریاں سنبھالے ہوئے ہیں۔ اس سے قبل پال ڈبلیو جونز نے 2020 تک نائب سفیر کی حیثیت سے خدمات انجام دی تھیں۔
خیال رہے کہ امریکی سفیر ڈیوڈ ہیل پاکستان میں امریکی مشن چلانے والے آخری سفیر تھے جنہوں نے 29 اگست 2018 تک پاکستان میں امریکی مشن کی ذمے داریاں انجام دی تھیں۔
صدر بائیڈن کی دیگر کئی عہدوں کے لیے نامزدگیاں
صدر بائیڈن نے محکمۂ ایئرفورس کے جنرل کونسل کے لیے پیٹر جے بیشار، انسانی حقوق کے ریکارڈ سے متعلق نظر ثانی بورڈ کے رکن کے لیے برینڈا ایلیان اسٹیونسن اور نیشنل ہائی وے ٹریفک سیفٹی کے ایڈمنسٹریٹر کے لیے اسٹیون کلف کو نامزد کیا ہے۔
واضح رہے کہ امریکہ کے قانون کے مطابق صدر کے نامزد کردہ ناموں کو سینیٹ کی منظوری درکار ہوتی ہے۔