پاکستان سپر لیگ شروع ہوئے ابھی ایک ہی دن گزرا ہے کہ اس ٹورنامنٹ سے جڑی ایک بری خبر سامنے آ گئی ۔
پی ایس ایل کے پہلے میچ کی فاتح ٹیم اسلام آباد یونائٹیڈ کے دو کھلاڑیوں شرجیل خان اور خالد لطیف کو پاکستان کرکٹ بورڈ نے معطل کر دیا ہے۔
دونوں کھلاڑیوں پر پی ایس ایل اینٹی کرپشن کوڈ کی خلاف ورزی کا الزام ہے ۔
پاکستان کے تقریباً تمام ذرائع ابلاغ کی رپورٹس میں بتایا جارہا ہے کہ ان دونوں کھلاڑیوں پر الزام ہے کہ انہوں نے جمعرات کی رات کھیلے گئے میچ کے بعد ایک مشکوک شخص سے ملاقات کی تھی جبکہ پی سی بی کے اینٹی کرپشن یونٹ دونوں کھلاڑیوں پر نظر رکھے ہوئے تھا۔
شرجیل خان اور خالد لطیف کے حوالے سے خبروں میں بتایا گیا ہے کہ دونوں نے نہ صرف گزشتہ رات بلکہ اس سے پہلے بھی مشکوک شخص سے ملاقات کا اعتراف کیا ہے۔
دونوں کھلاڑیوں کی عبوری معطلی کے بعد انہیں پاکستان واپس بھیجا جارہا ہے۔
پی سی بی ذرائع کے حوالے سے بتایا جارہا ہے کہ کھلاڑیوں کے خلاف تحقیقات جاری ہیں۔ اس دوران وہ پی ایس ایل نہیں کھیل سکیں گے۔
ادھر پی سی بی کے چیئرمین شہریار خان نے بیان دیا ہے کہ کسی کو بھی پاکستان کو بدنام کرنے نہیں دیں گے۔
دوسری جانب پی ایس ایل کے سربراہ نجم سیٹھی کا کہنا ہے کہ کارروائی کرپشن کے خلاف عزم کی مثال ہے، اس طرح کا کوئی عمل برداشت نہیں کیا جائے گا۔