پاکستان سپر لیگ سیزن تھری کے دسویں میچ میں دلچسپ مقابلے کے بعد پشاور زلمی نے کوئٹہ گلیڈی ایٹر زکو 5 وکٹوں سے ہرا دیا۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 142رنز کا ہدف دیا جو پشاور زلمی نے ڈیرن سیمی کی عمدہ بیٹنگ کے باعث 5 وکٹوں کے نقصان پر پورا کر لیا۔
شارجہ کرکٹ اسٹیڈیم میں پشاور زلمی نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے اسد شفیق اور شین واٹسن نے اننگز شروع کی۔ لیکن، صرف 10رنز پر اسد شفیق کو سمین گل نے شبیر رحمان کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کرادیا۔
اسد شفیق کے آؤٹ ہونے کے بعد عمر امین بیٹنگ کے لئے آئے اور شین واٹسن کے ساتھ مل کر دوسری وکٹ کی شراکت میں50رنز جوڑ کر اسکور 60 تک پہنچا دیا، عمر امین 11رنز کی اننگز کھیل کر شین واٹسن کا ساتھ چھوڑ گئے۔ اگلے ہی اوور میں شین واٹسن بھی 47رنز کی اننگز کھیل کر پویلین لوٹ گئے۔
پیٹرسن بھی لمبی اننگز نہیں کھیل سکے اور صرف 5رنز بناسکے، ریلی روسو نے پشاور زلمی کے بولرز کا جم کر سامنا کیا اور 37رنز بنائےجبکہ کپتان سرفراز احمد 17 رنز بناسکے۔
پشاور زلمی کے بولرز کی عمدہ بولنگ کے سبب واٹسن، عمر امین، روسو اور سرفراز احمد کے علاوہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کا کوئی بھی بیٹسمین ڈبل فگر میں اسکور نہ کرسکا اور مقررہ 20اوورز میں 8وکٹوں کے نقصان پر 141رنز ہی بنا سکی۔
پشاور زلمی کے عمید آصف، وہاب ریاض اور ڈیرن سیمی نے دو، دو جبکہ سمین گل اور خالد عثمان نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
ہدف کے تعاقب میں پشاور زلمی کی اننگز کا آغاز بھی کچھ زیادہ اچھا نہ تھا، 23 کے مجموعی اسکور پر اوپنر کامران اکمل 10رنز بناکر واٹسن کی گیند پر متبادل کھلاڑی گرین کو کیچ دے بیٹھے،دوسرے آؤٹ ہونے والے بیٹسمین اسمتھ تھے جو 14گیندوں پر 23رنز کی اننگز کھیل کر محمد نواز کی گیند پر کلین بولڈ ہوگئے۔
تمیم اقبال اور محمد حفیظ نے تیسری وکٹ کی شراکت میں54رنز بناکر ٹیم کی پوزیشن مستحکم کردی،اس موقع پر ایسا دکھائی دے رہا تھا کہ پشاور زلمی یہ میچ باآسانی جیت جائے گی لیکن پہلے محمد حفیظ 29 اور پھر تمیم اقبال 36 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔
نئے آنے والے بیٹسمین شبیر رحمان صرف11 رنز بناکر راحت علی کی گیند پر عمر امین کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے اور میچ دلچسپ صورتحال میں داخل ہوگیا۔
ڈیرن سیمی ان فٹ ہونے کے باوجود بیٹنگ کے لئے آئے اور پہلی ہی گیند پر چھکا لگا کر ٹیم کی جیت کی امید جگہ جگا دی، آخری اوور پشاور زلمی کو جیت کے لئے 10رنز درکار تھے جو سیمی نےایک چھکا اور پھر چوکا لگا حاصل کرلیے اس طرح پشاور زلمی نے 19اعشاریہ 4 اوورز میں 5وکٹوں کے نقصان پر 143 رنز بنا کر میچ اپنے نام کر لیا۔
ڈیرن سیمی نے صرف 4گیندو ں پر 16رنز بناکر جیت میں اہم کردار ادا کیا۔
پوائنٹس ٹیبل پر کراچی کنگز 6 پوائنٹس کے ساتھ ٹاپ پر ہے، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز، ملتان سلطانز اور پشاور زلمی کے 4، 4 جبکہ اسلام آباد یونائیٹڈ کے دوپوائنٹس ہیں۔ لاہور قلندرز نے اب تک کوئی پوائنٹ حاصل نہیں کیا۔
جمعہ کو دو میچز کھیلے جائیں گے۔ پہلا میچ ملتان سلطانز اور کراچی کنگز کے درمیان کھیلا جائے گا جبکہ دوسرے میچ میں لاہور قلندرز اور اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیمیں آمنے سامنے ہوں گی۔