پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما اسد عمر نے کہا ہے کہ ضمنی انتخابات میں تحریکِ انصاف کی کامیابی کے بعد ملکی سیاست کا رُخ تبدیل ہو گیا ہے۔ لہذٰا اہم فیصلوں کے لیے تحریکِ انصاف کی کور کمیٹی کا اجلاس پیر کی سہ پہر تین بجے طلب کر لیا گیا ہے۔
اسلام آباد میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے اسد عمر کا کہنا تھا کہ ضمنی انتخابات میں کامیابی بیرونی طاقتوں کے لیے پیغام ہے کہ پاکستان کے عوام کسی کے سامنے نہیں جھکتے۔
اسد عمر کا کہنا تھا کہ رجیم چینج کے ذریعے موجودہ حکومت کو مسلط کیا گیا جس سے پاکستان کی معیشت، جمہوریت اور صحافت کو نقصان پہنچا ہے۔
ان کے بقول شہباز شریف اب صرف اسلام آباد کے وزیرِ اعظم رہ گئے ہیں۔ اُن کے لیے بہتر یہی ہے کہ اب نئے انتخابات کی طرف بڑھیں۔
SEE ALSO: ضمنی انتخابات کے دوران لاہور میں ماحول کیسا رہا، رپورٹر ڈائریرہنما تحریکِ انصاف کا کہنا تھا کہ پیر کی سہ پہر تین بجے تحریکِ انصاف کی کور کمیٹی کا اجلاس ہو گا جس میں آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کیا جائے گا۔
اسد عمر نے واضح کیا کہ پنجاب کی وزارتِ اعلٰی کے لیے چوہدری پرویز الہٰی ہی تحریکِ انصاف کے اُمیدوار ہیں۔
الیکشن کمیشن آف پاکستان کے مطابق پنجاب کے 20 حلقوں میں ہونے والے ضمنی انتخابات میں تحریکِ انصاف کو 17 حلقوں میں واضح برتری حاصل ہے۔