امریکہ سے بہتر تعلقات؛ پی ٹی آئی کی جانب سے 'لابنگ فرم' ہائر کرنے کا معاملہ موضوعِ بحث

فائل فوٹو

پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کی جانب سے امریکہ کے ساتھ تعلقات بہتر بنانے کے لیے 'لابنگ فرم' کی خدمات حاصل کرنے کا معاملہ پاکستان کے سوشل میڈیا پر موضوعِ بحث ہے۔ تاہم تحریکِ انصاف کے رہنما فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ یہ لابنگ فرم نہیں بلکہ امریکہ میں پارٹی کا نقطۂ نظر اُجاگر کرنے کے لیے 'میڈیا ریلیشن فرم' ہے۔

سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی دستاویزات کے مطابق تحریکِ انصاف امریکی فرم 'فینٹن آرلوک' کو آئندہ چھ ماہ کے لیے ماہانہ 25 ہزار ڈالرز ادا کرے گی جس کے عوض کمپنی پارٹی کو امریکہ میں پی آر سروسز فراہم کرے گی۔

معاہدے کے مطابق کمپنی آرٹیکلز چھپوانے اور پی ٹی آئی نمائندوں اور ان کی جماعت کی حمایت کرنے والوں کے ٹی وی انٹرویوزکا اہتمام کرے گی۔

فواد چوہدری کی وضاحت کے باوجود اس معاملے پر حکمراں جماعت کے رہنما پاکستان تحریکِ انصاف کو آڑے ہاتھوں لے رہے ہیں۔ خیال رہے کہ تحریکِ انصاف کے چیئرمین عمران خان نے اپنے خلاف آنے والی تحریکِ عدم اعتماد کو امریکی سازش قرار دیتے ہوئے، گزشتہ چند ماہ سے امریکہ کے بارے میں سخت مؤقف اختیار کر رکھا ہے۔

یہی وجہ ہے کہ اس دستاویز کے منظرِ عام پر آنے کے بعد تحریکِ انصاف کے ناقدین یہ الزام عائد کر رہے ہیں کہ عمران خان نے ایک بار پھر یو ٹرن لیتے ہوئے امریکہ سے تعلقات بہتر بنانے کی کوششیں شروع کر دی ہیں۔

وفاقی وزیر پلاننگ احسن اقبال نے اس حوالے سے اپنی ٹویٹ میں کہا کہ امریکہ کے خلاف سازشی تھیوری گھڑ کر ملک کے اندر ہیجان برپا کرنے والے عمران خان اب امریکہ سے معافی مانگ رہے ہیں۔ پہلے اُنہوں نے اپنا خصوصی ایلچی بھیجا اور اب لابنگ فرم کے ذریعے معاملات بہتر کرنا چاہتے ہیں۔


معاہدہ ہے کیا؟

معاہدے میں کہا گیا ہے کہ یہ معاہدہ پی ٹی آئی امریکہ اور فینٹن آرلوک کے درمیان ہے اور اس میں پی ٹی آئی پاکستان شامل نہیں ہے۔ یہ معاہدہ یکم اگست 2022 سے 31 جنوری 2023 تک نافذالعمل ہوگا۔

فریقین کے درمیان طے پانے والے معاہدےکے مطابق پی ٹی آئی امریکی فرم کو ٹریول اور دیگر اخراجات کے لیے الگ سے ادائیگی کرے گی۔اس کے علاوہ اگر سفرامریکہ اور پاکستان کے درمیان ہوا تو بھی بزنس کلاس کے سفری ٹکٹ پاکستان تحریکِ انصاف کی طرف سے فراہم کیے جائیں گے۔

معاہدےکے مطابق فینٹن پی ٹی آئی کے نمائندہ کے طور پر کوئی بھی اہم معاہدہ پی ٹی آئی کی تحریری اجازت کے بغیر نہیں کرے گی۔ انتظامی اخراجات کے طور پر پی ٹی آئی ایک مرتبہ پانچ ہزار ڈالر بھی فراہم کرے گی۔ کوئی بھی 750 ڈالر سے زائد بل کی ادائیگی کے لیے پی ٹی آئی ایڈوانس اجازت دے گی۔

معاہدے کے مطابق پی ٹی آئی امریکہ تمام ادائیگیوں کی ذمہ دار ہوگی اور پی ٹی آئی پاکستان پر کسی بھی ادائیگی کی ذمے داری نہیں ہو گی۔

اس سے قبل بھی پی ٹی آئی حکومت نے گزشتہ برس جون میں یہی فرم ہائر کی تھی اور اس وقت کہا گیا تھا کہ پاکستان اور امریکہ کے درمیان تعلقات بہتر کرنے کے لیے اس فرم کی خدمات حاصل کی گئی ہیں۔

فینٹن آرلوک گزشتہ سال مارچ میں امریکہ میں رجسٹرڈ کی گئی تھی جس کے مالکان میں ڈیوڈ فینٹن اور ایرا آر لوک شامل ہیں۔

یکم اگست کو ہونے والے اس معاہدہ پر ڈیوڈ فینٹن اور پی ٹی آئی کی طرف سے اس کے امریکہ میں عہدے دار سلمان روالا نے دستخط کیے ہیں۔

یہ خبر ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب چند روز قبل نجی نیوز چینل 'سما' نے رپورٹ کیا تھا کہ پاکستان میں امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے اپنے دورہؐ پشاور کے دوران وزیرِ اعلیٰ خیبرپختونخوا سے ملاقات کے بعد سائیڈ روم میں عمران خان سے بھی ٹیلی فون پر بات کی تھی۔ البتہ تحریکِ انصاف کے رہنما اسد عمر نے اس خبر کی تردید کی تھی۔