عام انتخابات 2018ء میں واضح کامیابی کے بعد وفاق میں حکومت بنانے کے لیے پاکستان تحریکِ انصاف نے کابینہ کے ارکان، اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کے لیے ناموں پر غور شروع کردیا ہے۔
تحریکِ انصاف کے مرکزی سیکریٹری اطلاعات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ ان کی جماعت وفاق اور خیبر پختونخوا کے علاوہ پنجاب میں بھی حکومت بنائے گی۔
پاکستان تحریکِ انصاف کے ذرائع نے وائس آف امریکہ کو بتایا ہے کہ پارٹی نے حکومت سازی کے لیے ابتدائی مشاورت مکمل کرلی ہے اور فیصلہ کیا ہے کہ چار سیاسی جماعتوں کو حکومت میں شمولیت کی دعوت دی جائے گی۔
تحریکِ انصاف کے رہنماؤں کا کہنا ہے کہ بلوچستان نیشنل پارٹی، گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس، مسلم لیگ (ق) اور بلوچستان عوامی پارٹی کو حکومت میں خوش آمدید کہا جائے گا۔
پی ٹی آئی نے وفاق اور پنجاب میں حکومت سازی کے لیے آزاد امیدواروں سے رابطے بھی شروع کردیے ہیں اور ان رابطوں کی ذمہ داری شاہ محمود قریشی کو سونپی گئی ہے۔
پارٹی رہنماؤں کا کہنا ہے کہ 14 اگست سے پہلے حکومت بنانے کی کوشش کی جائے گی۔
آئین کے تحت انتخابی نتائج کے اعلان کے بعد 21 روز کے اندر قومی اسمبلی کا اجلاس بلانا ضروری ہے اور امید کی جارہی ہے کہ نئی منتخب پارلیمان کا پہلا اجلاس 6 سے 11 اگست کے درمیان طلب کیا جائے گا۔
پہلے اجلاس میں حلف برداری کے بعد ارکانِ اسمبلی خفیہ رائے شماری سے اسپیکر کا چناؤ کریں گے۔ سابق اسپیکر قومی اسمبلی ایازصادق نومنتخب ارکانِ اسمبلی اور نو منتخب اسپیکر سے حلف لیں گے جس کے بعد ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی کا انتخاب کیا جائے گا۔
ڈپٹی اسپیکر کے انتخاب کے بعد نئے قائدِ ایوان کا انتخاب کیا جائے گا جنہیں کم از کم 172 ارکان کا ووٹ درکار ہوگا۔ وزیرِ اعظم کا انتخاب ایوان کی تقسیم کے ذریعے ہوگا۔
قواعد کے مطابق صدرِ مملکت کا پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب بھی ضروری ہے۔
پی ٹی آئی نے وفاقی کابینہ کے ناموں پر بھی مشاورت شروع کردی ہے اور اطلاعات ہیں کہ نئی وفاقی کابینہ 18 سے 20 ارکان پر مشتمل ہوسکتی ہے۔
پارٹی کے مرکزی ترجمان فواد چوہدری نے کہا ہے کہ عمران خان جو فیصلہ بھی کریں گے، پارٹی اس کے مطابق چلے گی۔
ایک نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ ان کی جماعت پنجاب میں بھی حکومت بنائے گی اور وزیرِ اعلیٰ پنجاب کا فیصلہ عمران خان کریں گے۔
انہوں نے بتایا کہ ان کی جماعت نے آزاد امیدواروں سے رابطے شروع کردیے ہیں اور امید ہے کہ کامیاب ہونےو الے آزاد امیدوار پی ٹی آئی میں شامل ہوجائیں گے۔