پاکستان کے ایٹمی سائنسدان ڈاکٹرعبدالقدیر خان نے لاہور سےالیکشن لڑنے کی خواہش کا اظہار کیا ہے۔ ساتھ ہی، انہوں نے پاکستان مسلم لیگ ن کے سربراہ میاں محمد نواز شریف کو مشورہ دیا ہے کہ وہ سیاست چھوڑ کر کاروبار میں دل لگائیں۔
پاکستان کے موقراخبار ”جنگ “ کی ایک رپورٹ کے مطابق ڈاکٹر عبدالقدیر خان نے آئندہ انتخابات میں حصہ لینے کی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر انہوں نے لاہور سے انتخاب لڑا تو کوئی بھی شکست نہیں دے سکے گا ۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ عبدالقدیر خان کا کہنا ہے کہ ملک کےموجودہ حالات دیکھ کران کا دل بہت دکھتا ہے، سیاستدان مکمل طور پرناکام ہو چکے ہیں۔ ساتھ ہی انہوں نے اس خواہش کا بھی واشگاف الفاظ میں اظہار کیا ہے کہ اب ملک میں ٹیکنو کریٹکس کی حکومت قائم ہونی چاہیئے ۔
انہوں نے مسلم لیگی رہنما نواز شریف کے بارے میں رائے دی ہے کہ سیاست نواز شریف کے بس کی بات نہیں۔ نواز شریف کو قومی مفادمیں سیاست اپنے چھوٹے بھائی میاں شہباز شریف کے سپرد کر کے کاروبار سنبھال لینا چاہئیے۔
وہ گزشتہ روز پنجاب یونیورسٹی کے فیصل آڈیٹوریم میں طلبا و طالبات سے خطاب کر رہے تھے ۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ انہوں نے ن لیگ کے رہنماوٴں سے کہا تھا کہ لیپ ٹاپ اسکیم کے بجائے اسکولوں میں کمپیوٹر لیب فراہم کی جائیں، لیکن ایسا نہیں کیا گیا۔