برطانیہ کی ملکہ الزبتھ دوم کا ہفتے کو کیا گیا کرونا وائرس ٹیسٹ مثبت آ گیا ہے۔ بکنگھم پیلس کے مطابق ملکہ میں وائرس کی معمولی علامات ظاہر ہوئی ہیں, جن میں بخار شامل ہے۔
محل کے مطابق 95 برس کی ملکہ الزبتھ ونزر کیسل میں آئندہ ہفتے بھی کسی حد تک معمول کے فرائض سر انجام دیتی رہیں گی۔
محل سے جاری کیے گئے بیان میں کہا گیا کہ ملکہ کو طبی سہولیات مہیا کی جاتی رہیں گی۔ وہ کرونا وبا سے متعلق مناسب ہدایات پر عمل کر رہی ہیں۔
SEE ALSO: لیڈی ڈیانا، عوام کے دل میں گھر کرنے والی شہزادیبرطانیہ میں کرونا وائرس کا ٹیسٹ مثبت آنے والے افراد پانچ روز تک قرنطینہ میں رہتے ہیں۔ برطانوی حکومت آئندہ ہفتے سے یہ شرط ختم کرنے پر غور کر رہی ہے۔
یاد رہے کہ ملکہ کو کرونا ویکسین کی تین خوراکیں دی جا چکی ہیں۔
ملکہ کے بیٹے پرنس چارلس اور ان کی اہلیہ ڈچز آف کورنویل کمیلا بھی حال ہی میں کرونا وائرس سے متاثر ہوئے تھے۔ جب کہ شہزادہ چارلس دوبارہ سے اپنے فرائض کی انجام دہی شروع کر چکے ہیں۔
رواں ماہ چھ فروری کو ملکہ برطانیہ نے اپنے اقتدار کے 70 برس مکمل کیے ہیں۔ یہ کسی بھی برطانوی فرمانروا کے لیے سب سے طویل عرصے کی حکمرانی ہے۔ وہ 1952 میں اپنے والد بادشاہ جارج ششم کی وفات کے بعد تخت نشین ہوئی تھیں۔
Your browser doesn’t support HTML5
ملکہ گزشتہ برس اکتوبر میں طبی معائنے کے بعد ڈاکٹروں کی ہدایات پر کئی ماہ سے آرام کر رہی تھیں اور حال ہی میں انہوں نے اپنے فرائض دوبارہ سنبھالے تھے۔ وہ کئی مہینوں سے اس وجہ سے کئی اہم تقریبات میں بھی شریک نہیں ہو سکی تھیں۔
گزشتہ ہفتے انہوں نے کئی ملاقاتیں کی تھیں جن میں سے کچھ ورچوئل بھی تھیں۔
ملکہ کی تخت نشینی کی پلاٹنیم جوبلی کی تقریبات رواں برس جون میں منعقد کرنے کی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے جس میں ملٹری پریڈ سمیت گھڑ دوڑ اور مقامی طور پر منعقد ہونے والی محفلیں شامل ہیں۔