رسائی کے لنکس

برطانوی شہزادہ اینڈریو شاہی اورفوجی اعزازات و مراعات سے محروم


پرنس اینڈریو۔ 11 اپریل 2021ء (فائل فوٹو)
پرنس اینڈریو۔ 11 اپریل 2021ء (فائل فوٹو)

برطانوی ملکہ الزبتھ کے بیٹے شہزادہ اینڈریو سے شاہی اور فوجی اعزازات اور القابات واپس لے لیے گیے ہیں جس کے بعد اب انہیں'His Royal Highness' نہیں پکارا جائے گا۔ شہزادہ اینڈریو کو امریکہ میں جنسی زبردستی کے مقدمے کا سامنا ہے۔

امریکہ میں جنسی جرائم میں سزا یافتہ سرمایہ کار جیفری ایپسٹین کے ساتھ دوستانہ تعلقات اور برطانوی نشریاتی ادارے کو دیے گئے انٹرویو میں اس معاملے پر اپنا نام صاف کرنے میں ناکامی کے بعد سال 2019 میں شہزادہ اینڈریو کو اپنی سرکاری ذمہ داریوں سے علیحدہ ہونا پڑا تھا۔

بدھ کے روز ایک مقامی امریکی عدالت نے ورجینیا گفرے جنسی زیادتی کے مقدمے میں شہزادہ اینڈریو کی جانب سے کیس کی کارروائی ختم کرنے کی درخواست مسترد کر دی تھی۔

ورجینیا گفرے نے الزام عائد کیا ہے کہ شہزادہ اینڈریو نے انہیں کم عمری میں پہلے برطانیہ اور پھر امریکہ اور ورجن آئلینڈز میں جنسی حملے کا نشانہ بنایا تھا۔

عدالت کے اس فیصلے کے بعد اگلے روز شاہی محل سے اعلامیہ جاری کیا گیا جس کے مطابق ملکہ برطانیہ کی منظوری اور رضامندی کے ساتھ شہزادہ اینڈریو سے تمام شاہی اور فوجی اعزازات اور مراعات واپس لے لی گئی ہیں۔

اعلامیہ کے مطابق شاہی خاندان سے تعلق منقطع ہونے کے بعد اب وہ اس ہائی پروفائل دیوانی مقدمے کا سامنا ایک عام شہری کی حیثیت سے کریں گے۔

امریکی ڈسٹرکٹ جج لوئس کیپلن کا کہنا ہے کہ ورجینیا گفرے، اینڈریو البرٹ کرسچن ایڈورڈ کے خلاف جنسی حملے اور ذہنی اذیت کے الزامات پر مقدمہ لڑ سکتی ہیں۔

جج کے اس فیصلے کا مطلب یہ ہے کہ کسی قسم کی مفاہمت نہ ہونے کی صورت میں اینڈریو کو پابند کیا جاسکتا ہے کہ وہ اس مقدمے میں اپنی بے گناہی ثابت کرنے کے لیے ثبوت فراہم کریں۔

دوسری جانب شہزادہ اینڈریو اس بات کی تردید کرتے رہے ہیں کہ انہوں نے دو دہائیاں قبل متعدد موقعوں پر ورجینیا گفرے سے جنسی زبردستی کی کوشش کی۔

یاد رہے ان الزامات کے مرکزی کردار سرمایہ کار جیفری ایپسٹین نے، جنہیں جنسی زیادتی اور سیکس ٹریفکنگ کے مقدمے کا سامنا تھا، 2019 میں جیل میں خودکشی کر لی تھی۔

اس معاملے کا دوسرا اہم کردار ساٹھ سالہ گزلین میکسویل ہیں جو حال ہی میں جنسی جرائم میں جیفری ایپسٹین کی آلہِ کار اور سیکس ٹریفکنگ کی مجرم ثابت ہوئی ہیں۔ میکسویل اس وقت نیو یارک کی جیل میں قید ہیں اور مختلف مقدمات میں انہیں ممکنہ طور پر 65 سال کی سزا سنائی جا سکتی ہے۔

(خبر کا مواد رائیٹرز سے لیا گیا)

XS
SM
MD
LG