ہالینڈ کی ملکہ 25 نومبر کو پاکستان آئیں گی

ہالینڈ کی ملکہ میکسیما۔ (فائل فوٹو)

ہالینڈ کی ملکہ میکسیما 25 سے 27 نومبر تک پاکستان کا دورہ کریں گی۔ ہالینڈ کی ملکہ کو دورے کی دعوت حکومتِ پاکستان نے دی ہے۔

ملکہ میکسیما یہ دورہ اقوامِ متحدہ کی مالیاتی شمولیت برائے ترقی کی خصوصی نمائندہ کے طور پر کریں گی۔

ہالینڈ کے شہر 'دی ہیگ' میں پاکستانی سفارت خانے نے دورے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ دورے کے دوران ملکہ میکسیما پاکستانی حکام سے معاشی ثمرات عام آدمی تک پہنچانے کے امور پر تبادلہ خیال کریں گی۔ ملکہ صدر مملکت اور وزیر اعظم پاکستان سے بھی ملاقاتیں کریں گی۔

ہالینڈ کی ملکہ 2016 میں بھی پاکستان کا دورہ کر چکی ہیں۔ ملکہ میکسیما مشیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ، گورنر اسٹیٹ بینک آف پاکستان رضا باقر اور چئیرمین نیشنل ڈیٹا بیس رجسٹریشن اتھارٹی(نادرا) عثمان مبین سے بھی ملاقاتیں کریں گی۔

ہالینڈ کی ملکہ پاکستان میں 'مائیکر پیمنٹ گیٹ وے' کی لانچنگ تقریب سے بھی خطاب کریں گی۔ مرکزی بینک کے اس منصوبے کے تحت پاکستان کے دورافتادہ علاقوں میں چھوٹی رقوم کی ڈیجیٹل منتقلی کی مد میں آنے والے اخراجات کو کم کیا جائے گا۔

دورے کے دوران ملکہ مکیسیما لاہور کا دورہ بھی کریں گی اور اس دوران مختلف حکام سے ملاقاتیں کریں گی۔

خیال رہے کہ گزشتہ ماہ برطانیہ کا شاہی جوڑا شہزادہ ولیم اور شہزادی کیٹ مڈلٹن بھی پاکستان آئے تھے۔ شاہی جوڑے نے پانچ روزہ دورے کے دوران اسلام آباد، لاہور، چترال سمیت مختلف علاقوں کا دورہ کیا تھا۔