عمران خان کی سابقہ اہلیہ ریحام خان کی تیسری شادی

پاکستان تحریکِ انصاف کے چیئرمین عمران خان کی سابقہ اہلیہ اور اینکر پرسن ریحام خان نے تیسری شادی کرلی ہے۔

ریحام خان نے جمعے کو مائیکرو بلاگنگ سائٹ ٹوئٹر پر اپنی شادی کی تصدیق کی ہے۔

ریحام خان نے اپنی ایک ٹوئٹر پوسٹ میں ہاتھوں کی ایک تصویر شیئر کی جس پر درج تھا کہ وہ رشتہ ازدواج میں منسلک ہو گئیں ہیں۔ بعدازاں انہوں نے اپنے شریکِ حیات کے ساتھ تصاویر بھی شیئر کیں۔

ریحام نے شادی کی تفصیلات جاری کرتے ہوئے بتایا کہ انہوں نے مرزا بلال بیگ نامی شخص سے شادی کی ہے۔

ان کے بقول "طویل عرصہ اکیلے رہنے کے بعد بلاآخر ایک ایسا شخص مل گیا جس نے مجھے اپنی ذہانت اور ایمان داری سے جیت لیا۔ "

ریحام خان نے یہ بھی بتایا کہ ان کے شوہر ان سے 13 برس چھوٹے ہیں۔

ریحام خان کی شادی کی خبر سامنے آتے ساتھ ہی سوشل میڈیا پر انہیں نئی زندگی کا آغاز کرنے پر مبارک باد دینے کا سلسلہ جاری ہے۔

یاد رہے کہ ریحام خان نے سن 1993 میں اعجاز رحمان سے پہلی شادی کی تھی جس سے ان کے تین بچے بھی ہیں۔ بعد ازاں 2005 میں انہوں نے اعجاز رحمان سے علیحدگی اختیار کر لی تھی۔

جنوری 2015 میں ریحام نے عمران خان سے شادی کا باضابطہ اعلان کیا تھا اور اکتوبر 2015 میں عمران خان اور ریحام خان کے درمیان علیحدگی ہوگئی تھی۔

عمران خان نے ایک انٹرویو کے دوران ریحام خان سے شادی کو اپنی زندگی کی بڑی غلطیوں میں سے ایک قرار دیا تھا۔

ریحام خان نے 2005سے بطور میزبان ٹیلی ویژن سے اپنے کریئر کا آغاز کیا اور پھر 2008 میں انہوں نے برطانوی تشریاتی ادارے (بی بی سی) میں موسم کا حال بتانے والی میزبان کے طور پر شمولیت اختیار کی۔

بعدازاں وہ 2013 پاکستان واپس آئیں اور انہوں نے مقامی نیوز چینل میں کام کا آغاز کیا۔

ریحام خان نے پاکستانی فلم 'جانان' بھی پروڈیوس کی ہے۔