کیون پیٹرسن ’پاکستان سپر لیگ‘ میں جلوہ گر ہوں گے: رپورٹ

35 سالہ کرکٹر، کیون پیٹرسن نے اس ہفتے سپر لیگ کےفیس بک کے صفحے پرشائع ایک ویڈیو پیغام میں تصدیق کی ہے کہ وہ پاکستان سپر لیگ کھیلیں گے۔،تاہم، یہ پتا نہیں چلا کہ وہ کس ٹیم کی طرف سے کھیلیں گے

انگلینڈ کےسابق بین الاقوامی بلےباز، کیون پیٹرسن نے اگلےسال پاکستان سپر لیگ ٹورنامنٹ (پی ایس ایل) کھیلنے کا اعلان کیا ہے۔

انگلش کرکٹ کے نامور کھلاڑی کیون پیڑسن فروری2016 ء میں ہونے والےفرنچائز ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ 'پاکستان سپر لیگ' کا حصہ بنیں گے، جس میں ان کےساتھ دیگر بین الاقوامی نامور کھلاڑی بھی حصہ لے رہے ہیں۔

انگلینڈ کی کرکٹ ٹیم میں شاندار خدمات کےصلے میں 'ایم بی ای' یا ممبر آف برٹش ایمپائر کا شاہی خطاب پانے والے 35 سالہ کرکٹر کیون پیٹرسن نے اس ہفتے سپر لیگ کےفیس بک کے صفحے پر شائع ایک ویڈیو پیغام میں تصدیق کی کہ وہ پاکستان سپر لیگ کھیلیں گے۔ تاہم، یہ پتا نہیں چلا ہےکہ وہ کس ٹیم کی طرف سے کھیلیں گے۔

کیون پیٹرسن نے اپنے ویڈیو پیغام میں کہا ہے کہ 'یقیناً میں فروری میں ہونے والے پاکستانی میلے کا حصہ بننے پر بہت خوش ہوں اور بےتابی کے ساتھ ٹورنامنٹ کے آغاز کا انتظار کر رہا ہوں'۔

انھوں نے کہا کہ'ایسا لگتا ہےکہ یہ ایک شاندار مقابلہ ہوگا جس میں ٹی ٹوئنٹی کا روایتی مزہ، بہت سے چھکے اور وکٹیں ہوں گی اور ایک اچھے ٹورنامنٹ کا حصہ بننے کے لیے میں ابھی سے بہت پرجوش ہوں۔'

برطانوی نشریاتی ادارے، ’اسکائی نیوز‘ کے مطابق، کیون پیٹرسن ایک فل ٹائم کامیاب ٹی ٹوئنٹی کے کھلاڑی ہیں۔ وہ آسٹریلیا، بھارت، ویسٹ انڈیز،انگلینڈ میں لیگ کے ٹورنامنٹ کھیلتے ہیں اور اگلے سال وہ پاکستان سپر لیگ کھیلنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پیڑسن نے اسی ماہ کے اوائل میں جنوبی افریقہ کے رام سلم کے ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ کھیلنے کے لیے معاہدے پر دستخط کئے ہیں۔

پیٹرسن نے آخری لیگ ٹورنامنٹ جون اور جولائی میں کریبین پریمئیر لیگ کے لیے کھیلا ہے جس میں انھوں نے دس اننگز میں 295 رنز بنائے۔

کیون پیٹرسن کے علاوہ دیگر انگلش کھلاڑی جن کے بارے میں خیال ہے کہ وہ سپر لیگ میں شامل ہیں، ان میں روی بوپارا، لیوک رائٹ، ٹم بریسنن اور کرس جارڈن کے نام شامل ہیں۔

نامور بین الاقوامی کھلاڑی جو سپر لیگ ٹی ٹوئنٹی کے مقابلے کا حصہ بنیں گے، ان میں ویسٹ انڈیز کرکٹ ٹیم کے بلے بازکرس گیل اور آل راونڈر ڈیوائن براوو کے علاوہ سری لنکن ٹیم کے کپتان اور آل راؤنڈر اینجلیو ڈیوس میتھیوز سمیت مایہ ناز سری لنکن باولر لاستھ ملنگا نے پاکستان سپر لیگ کھیلنے کا معاہدہ کیا ہے۔

پاکستان سپر لیگ ٹورنامنٹ اگلے سال 4سے 24فروری کے درمیان کھیلا جائے گا جس میں ممکنہ طور پر پاکستان سے صوبائی سطح کی ٹیمیں اور پاکستانی سپر اسٹار کرکٹرز شامل ہوں گے۔ تاہم ، پی ایس ایل لیگ کے انعقاد کی جگہ کا اعلان نہیں کیا گیا۔ لیکن، بتایا گیا ہے کہ ٹورنامنٹ قطر یا متحدہ امارات میں کرایا جا سکتا ہے۔