روس میں اتوار کو علی الصبح ذہنی امراض کے ایک فلاحی مرکز میں آتشزدگی سے کم ازکم 21 افراد ہلاک ہوگئے۔
یہ واقعہ ماسکو سے 600 کلومیٹر دور واقع ورونیش نامی خطے میں پیش آیا اور حکام کے بقول تاحال آتشزدگی کی وجوہات کا پتا نہیں لگایا جا سکا ہے۔
امدادی کارکنوں کے مطابق مرنے والے تمام افراد مریض تھے جب کہ یہاں سے بحفاظت منتقل کیے جانے والے 51 افراد میں 23 مریض بھی شامل ہیں۔
آگ نے اس قدر تیزی سے عمارت کو اپنی لپیٹ میں لیا کہ اس پر قابو پانے کے دوران ہی 19 افراد ہلاک ہو چکے تھے جب کہ دو زخمیوں نے اسپتال پہنچ کر دم توڑا۔
حالیہ برسوں میں روس میں مختلف شفاخانوں میں آتشزدگی کے ایسے واقعات رونما ہوئے ہیں۔
2013ء میں پہلے اپریل میں ماسکو کے قریب واقع قصبے رامنسکی میں دماغی امراض کے اسپتال میں آگ بھڑک اٹھنے سے کم ازکم 38 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔
اسی سال ستمبر میں شمال مغربی علاقے نووگوروڈ میں ذہنی امراض کے شفاخانے میں آتشزدگی سے 37 افراد جان سے ہاتھ دھو بیٹھے تھے۔