ایک روسی اخبار کے مطابق رواں سال امریکی حکام کو اپنے ملک میں روسی جاسوسوں کی گرفتاری میں ایک روسی انٹیلی جنس افسر کی مدد حاصل تھی۔
اخبار Kommersantنے جمعرات کو خبر دی ہے کہ انٹیلی جنس افسر کرنل شرباکوف کاکام امریکہ میں جاسوسوں کو متعین کرنا تھا اور جون میں امریکہ میں دس روسی جاسوسوں کی گرفتاری سے چند دن قبل وہ روس سے امریکہ روانہ ہوگیا تھا۔
اخبار کے مطابق شرباکوف کی بیٹی امریکہ میں مقیم ہے۔
امریکہ اور روس کے درمیان سرد جنگ کے خاتمے کے بعد اتنی بڑی تعداد میں جاسوسوں کے پکڑے جانے کا یہ سب سے بڑا واقعہ تھا۔ بعد ازاں امریکہ نے ان کے بدلے روس میں قید اپنے چار جاسوسوں کو رہا کروایا تھا۔