سارک تنظیم کا 17واں سربراہ اجلاس 20نکاتی ایجنڈے کی منظوری کے ساتھ ختم ہوگیا ہے جس میں امن‘ اعتماد سازی‘ آزادی‘ وقار‘ جمہوریت‘ باہمی احترام‘ بہتر اسلوب حکمرانی اور انسانی حقوق کے تحفظ کے لئے رکن ممالک نے اپنے عزم کی تجدید کی ہے۔
سربراہ اجلاس میں آٹھ رکن ممالک اور نو مبصر ممالک کے نمائندوں نے شرکت کی۔ پاکستان کے سرکاری خبر رساں ادارے اے پی پی کے مطابق سربراہ اجلاس کے اختتام پر جاری ”اعلان ادو“ میں رکن ممالک نے غربت کے خاتمے اور اپنے معاشروں کے اندر معاشی عدم توازن کو کم کرنے کے ساتھ ساتھ دیرپا ترقی کے ذریعے اپنے عوام کا معیار زندگی بہتر بنانے کے عزم کا بھی اعادہ کیا ہے۔
سربراہ اجلاس میں مشترکہ اعلامیے کے ذریعے ہر قسم کی دہشت گردی ‘ بین الاقوامی جرائم خاص طور پر منشیات کی غیر قانونی تجارت‘ چھوٹے ہتھیاروں اور انسانی اسمگلنگ اور خطے میں بحری قذاقی کے بڑھتے ہوئے خطرے پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ان کے خلاف لڑنے کے لئے عزم کا اعادہ کیا ہے۔
مشترکہ اعلامیہ میں خطے میں ماحولیاتی انحطاط پر بھی تشویش کا اظہار کیا گیا ہے جبکہ علاقائی تعاون کو مزید بڑھانے کے لئے سارک کے ادارہ جاتی میکنزم کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔ سارک سربراہان نے قدرتی آفات سے نمٹنے کے لئے فوری رسپانس کے معاہدے‘ سارک سیڈ بینک‘ سارک ایگریمنٹ آن ملٹی لیٹرل ارینجمنٹ اور علاقائی معیارات پر عملدرآمد کے لئے سارک معاہدے پر دستخطوں کا خیر مقدم کیا ہے۔
سافٹا پر مکمل عملدرآمد کی اہمیت کو تسلیم کیا گیا ہے تاکہ خطے میں ایک سازگار اقتصادی ماحول پیدا کیا جاسکے۔ سربراہان نے مبصر ممالک آسٹریلیا‘ چین‘ ایران‘ جاپان‘ کوریا‘ موریشس‘ میانمر‘ امریکہ اور یورپی یونین کے نمائندوں کی تعریف کی۔ سربراہ اجلاس نے سارک ممالک کے وزراء خارجہ کو ہدایت کی ہے کہ وہ ایسی تجویز تیار کریں جس سے سرمائے کے زیادہ بہاؤ اور خطے کے اندر طویل مدتی سرمایہ کاری ممکن ہو۔
سارک ممالک نے ریجنل ریلوے ایگریمنٹ پر دستخطوں اور آئندہ وزارتی اجلاس سے قبل ایکسپورٹ گروپ میٹنگ کا اجلاس بلانے اور بنگلہ دیش‘ بھارت اور نیپال کے درمیان آزمائشی کنٹینر ٹرین چلانے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔
رکن ممالک کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ توانائی کے شعبے میں تعاون اور ریجنل پاور ایکسچینج کی تجویز کا جائزہ لینے کے لئے بین الحکومتی فریم ورک معاہدے پر دستخط کریں۔ سربراہ اجلاس نے آئندہ وزارتی اجلاس تک سارک فوڈ بینک سے متعلق آپریشنل معاملات حل کرنے کے لئے کوششیں کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
خواتین اور بچوں کی جسم فروشی کے لئے اسمگلنگ کی روک تھام کے متعلق سارک ریجنل کنونشن کے لئے کام کرنے کی سفارش کی گئی ہے تاکہ آئندہ سربراہ اجلاس میں اس کی منظوری دی جاسکے۔ اعلامیے میں تعلیمی اور پروفیشنل اسناد کو تسلیم کرنے اور خطے کے تعلیمی و تحقیقی اداروں کے درمیان طویل مدتی رابطوں کے قیام کے لئے کام تیز کرنے پر بھی اتفاق کیا گیا ہے۔
ایجنڈے کی منظوری سے قبل سربراہان نے چار معاہدوں پر دستخط کئے۔ ان معاہدوں میں قدرتی آفات سے نمٹنے کے لئے فوری رسپانس کا معاہدہ‘ سارک سیڈ بینک معاہدہ‘ سارک ایگریمنٹ آن ملٹی لیٹرل ارینجمنٹ اور علاقائی معیارات پر عملدرآمد کے لئے سارک معاہدہ شامل ہیں۔ معاہدوں پر متعلقہ ممالک کے وزرائے خارجہ نے دستخط کئے۔