ٹیکنالوجی کمپنی سام سنگ نے بدھ کو گزشتہ برس کے مقابلے میں کم قیمت پر جدید ترین ’فولڈ ایبل اسمارٹ فونز‘ متعارف کرائے ہیں۔
خبر رساں ادارے ’رائٹرز‘ کے مطابق سام سنگ نے ’گلیکسی زی فولڈ تھری‘ اور ’گلیکسی زی فلپ تھری‘ متعارف کرائے ہیں جو 27 اگست سے امریکہ اور یورپ جیسی مارکیٹوں میں فروخت کے لیے پیش کیے جائیں گے۔
رپورٹس کے مطابق جنوبی کورین کمپنی کیپ انویسٹمنٹ اینڈ سیکیورٹی کے تجزیہ کار پارک سنگ سون کا کہنا ہے کہ یقینی طور پر بڑی اسکرین والے اسمارٹ فونز کی طلب زیادہ ہے کیوں کہ لوگ زیادہ تر میڈیا مواد (تصاویر، ویڈیوز، میوزک وغیرہ) کا استعمال کرتے ہیں اور فولڈ ایبل فونز وہ واحد قسم ہے جو بڑی اسکرین کے استعمال کو آسان بناتی ہے۔
ان کے بقول فولڈ ایبل فون کی قیمت ایک مسئلہ ہے۔
لیکن اب سام سنگ نے اپنے نئے فولڈ ایبل فونز گزشتہ برس کے مقابلے میں کم قیمت کے ساتھ پیش کیے ہیں۔
کمپنی کی جانب سے ’گلیکسی زی فولڈ تھری‘ کی قیمت ایک ہزار 799 ڈالرز مقرر کی گئی ہے جب کہ ’گلیکسی زی فلپ تھری‘ کی قیمت 999 ڈالرز ہو گی۔
اگر سام سنگ کے ان ہی فونز کے گزشتہ برس کے ماڈلز کی قیمت کی بات کریں تو وہ بالترتیب ایک ہزار 999 اور ایک ہزار 380 ڈالرز تھی۔
سام سنگ کے ان جدید ترین فولڈ ایبل اسمارٹ فونز کی خصوصیات پر نظر ڈالیں تو گلیکسی زی فولڈ تھری کی مین اسکرین 7.6 جب کہ گلیکسی زی فلپ تھری کی اسکرین 6.7 انچ پر مشتمل ہے۔
ٹیکنالوجی ویب سائٹ ’دی ورج‘ کے مطابق فون میں کوالکوم کا اسنیپ ڈریگن 888 پروسیسر نصب ہے جب کہ اس میں 256 جی بی اور 512 جی بی اسٹوریج (گنجائش) موجود ہے۔
سام سنگ کی ویب سائٹ کے مطابق گلیکسی زی فولڈ تھری فینٹم سلور، فینٹم گرین اور فینٹم بلیک رنگ میں میسر ہو گا جب کہ گلیکسی زی فلپ تھری فینٹم بلیک، کریم، گرین، لیونڈر اور تین ایکسکلوزیو رنگ گرے، سفید اور گلابی میں میسر ہو گا۔
گلیکسی زی فولڈ تھری میں 10 میگا پکسل سیلفی کیمرا جب کہ چار میگا کا پکسل انڈر ڈسپلے کیمرا موجود ہے جب کہ فون کی پشت پر 12 میگا پکسل کے الٹرا وائیڈ، وائیڈ اینگل اور ٹیلی فوٹو کیمرا موجود ہیں۔
اسی طرح اگر گلیکسی زی فلپ تھری کی بات کی جائے تو اس میں 10 میگا پکسل کا فرنٹ کیمرا جب کہ اس کی پشت پر 12 میگا پکسل کے الٹرا وائیڈ اور وائیڈ اینگل کیمرا موجود ہیں۔
گلیکسی زی فلپ تھری میں 3300 ایم اے ایچ کی ڈوئل بیٹری جب کہ گلیکسی زی فولڈ تھری میں 4400 ایم اے ایچ کی ڈوئل بیٹری نصب ہے۔
سام سنگ کے گیلکسی زی فولڈ تھری کی خاص بات یہ ہے کہ اس میں پین بھی موجود ہے جس کا نام ’ایس پین فولڈ‘ ہے۔
علاوہ ازیں سام سنگ نے بدھ کو نئی اور جدید اسمارٹ واچز اور ایئر بڈز بھی پیش کی ہیں۔
اس خبر میں بعض معلومات خبر رساں ادارے ’رائٹرز‘ سے لی گئی ہیں۔