جدید الیکٹرانک آلات بنانے والی کمپنی سام سنگ نے جمعرات کے روز کہا ہے کہ وہ اپنا پہلا فولڈ(تہہ) ہو جانے والا موبائل فون ’ گیلکسی فولڈ ‘6 ستمبر کو جنوبی کوریا میں فروخت کے لیے پیش کر رہا ہے۔
اس فون میں وائرلس کی جدید ترین تیز رفتار ٹیکنالوجی 5 جی بھی فراہم کی گئی ہے۔
گیلکسی فولڈ کو اپنے سائز کے اعتبار سے دنیا کا سب سے بڑا سمارٹ فون قرار دیا گیا ہے۔ یہ ایک کتاب کی طرح کھلتا ہے اور کھلنے کے بعد اس کا سائز 7.3 انچ ہو جاتا ہے۔
سام سنگ اپنے سمارٹ فون گیلکسی فولڈ کو دو ہفتوں سے بھی کم عرصے میں برطانیہ، فرنس اور جرمنی میں فروخت کے لیے پیش کرنے کا ارادہ رکھتا ہے جب کہ امریکہ میں اس کی ریلز کے متعلق منصوبہ بندی کی جا رہی ہے۔
اس سے قبل یہ فون اپریل میں امریکہ میں ریلز کیا جانا تھا لیکن اس کے ابتدائی سپملز کی سکرین میں کچھ نقائص کی نشاندہی ہوئی تھی جس کے بعد اس کی فروخت مؤخر کر دی گئی تھی۔
گیلکسی فولڈ میں صارفین کو یہ سہولت فراہم کی گئی ہے کہ وہ اس کی سکرین پر بیک وقت تین ایپس کھول سکتے ہیں۔ جس سے ایک ساتھ کئی ایپلی کیشنز پر کام کرنے میں آسانی ہو جائے گی۔
گیلکسی فولڈ کا پراسیسر 8 کو ر کا ہے ۔فون کے فرنٹ پر 10 میگا پکسل کا کیمرہ نصب ہے جب کہ پچھلی جانب تین کیمرے لگائے گئے ہیں۔ جن میں سے ایک 16 میگا پکسل کا ہے اور دوسرے دو 12 میگا پکسل کے ہیں۔
فون میں 12 جی بی میموری فراہم کی گئی ہے اور زیادہ ڈیٹا محفوظ کرنے کے لیے 512 جی بی کی چپ لگائی گئی ہے۔ فون میں زیادہ دیر تک چلنے والی ایک طاقت ور بیٹری نصب ہے۔ فون کا وزن سوا نو اونس ہے۔
گیلکسی فولڈ کو مارکیٹ میں پیش کرنے سے پہلے اس کی سکرین کو ایک کڑے امتحان سے گزارا گیا ۔ اسے ایک ہفتے تک 2 لاکھ سے زیادہ بار کھولا اور فولڈ کیا گیا۔ اس تجربے کے دوران فون کی سکرین کریک ہونے سے محفوظ رہی۔ تاہم سام سنگ کا کہنا ہے کہ سکرین میں کوئی نقص پیدا ہونے کی صورت میں کمپنی مرمت کے 70 فی صد اخراجات برداشت کرے گی۔