سعودی عرب میں عام تعطیل کے اعلان کے بعد بدھ کو تمام سرکاری و نجی ملازمین چھٹی منا رہے ہیں اور تعلیمی اداروں میں بھی تدریسی عمل موقوف ہے جس کی وجہ فٹ بال کے عالمی مقابلے میں ارجنٹائن کے خلاف سعودی ٹیم کی تاریخی فتح ہے۔
سعودی فرماں رواں شاہ سلمان بن عبد العزیز نے منگل کو سرکاری چھٹی کا اعلان اس وقت کیا تھا جب سعودی فالکنز نے فٹ بال ورلڈ کپ 2022 کے اپنے افتتاحی میچ میں دو مرتبہ کی چیمپئن ارجنٹائن کو ایک کے مقابلے میں دو گول سے شکست دے کر سب کو حیران کر دیا۔
اس کامیابی کے بعد سعودی عرب کو دنیا بھر سے مبارک باد ملنے کا سلسلہ جاری ہے اور سوشل میڈیا پر بھی سعودی کھلاڑیوں کی خوب تعریفیں ہو رہی ہیں۔
منگل کو کھیلے گئے میچ میں ارجنٹائن کے کپتان لیونل میسی نے پہلے ہاف میں پنالٹی پر گول کر کے ٹیم کو کامیابی دلائی تھی لیکن دوسرے ہاف میں سعودی عرب کے اسٹرائیکر صالح الشہری اور سلیم الدوسر نے ایک کے بعد دوسرا گول کر کے اپنی ٹیم کو ناقابلِ یقین کامیابی دلائی۔
سعودی عرب نے ارجنٹائن کو شکست دے کر نہ صرف پوائنٹس ٹیبل پر تین قیمتی پوائنٹس حاصل کیے ہیں بلکہ ایک ایسی ٹیم کو شکست دی جو مسلسل 36 میچز میں ناقابلِ شکست رہی۔
سعودی عرب کے خلاف ارجنٹائن کی اس شکست کو فٹ بال کی تاریخ کے چند بڑے اپ سیٹس میں سے ایک قرار دیا جا رہا ہے۔
میچ شروع ہونے سے قبل سعودی عرب کی جیت کا صرف چار فی صد امکان ظاہر کی جا رہا تھا لیکن منگل کو اسٹیڈیم میں وہ ہوا جس کی کسی کو امید نہیں تھی۔
ایک ٹوئٹر صارف نے سعودی عرب کی جیت پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ سعودی کھلاڑیوں نے عزم اور استقامت کا مظاہرہ کرتے ہوئے ہر موازنہ پسِ پشت ڈال دیا ہے۔
پاکستان کے وزیرِ اعظم شہباز شریف نے شہزادہ محمد بن سلمان اور سعودی عوام کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا ہے کہ سعودی عرب نے ارجنٹائن کے خلاف سنسنی خیز مقابلے کے بعد فتح حاصل کر کے فیفا ورلڈ کپ کی تاریخ میں ایک بڑا اپ سیٹ کیا ہے۔
سعودی عرب اور ارجنٹائن کے درمیان میچ دیکھنے کے لیے امیر قطر شیخ تمیم بن حماد بھی اسٹیڈیم میں موجود تھے۔
سعودی عرب کی ٹیم کی کامیابی کو دیکھتے ہوئے انہوں نے ایک مداح سے سعودی پرچم لے کر اپنے گلے میں ڈال لیا۔
لطیفہ الخلیفہ نامی ٹوئٹر صارف نے ایک ویڈیو شیئر کی جس میں ایک سعودی مداح کو اسٹیڈیم کو باہر یہ پوچھتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے کہ کہاں ہے میسی؟ میسی کہاں ہے؟
ٹوئٹر پر ایک ویڈیو وائرل ہو رہی ہے جس میں سعودی عرب کی جیت کے بعد ایک گھر میں موجود سعودی شائقین کو ٹیم کی جیت کی خوشی مناتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔
ٹیم کی جیت کے جشن میں ایک شخص تو کمرے کا دروازہ ہی اکھاڑ دیتا ہے۔
ایک ٹوئٹر صارف نے لکھا کہ "ہم نے ارجنٹائن کو تاریخی شکست دی ہے جسے صدیوں تک یاد رکھا جائے گا۔
انہوں نے مزید کہ کہا کہ’’ وہ دن دور نہیں جب فٹ بال ورلڈ کپ سعودی عرب آئے گا اور ہم دوبارہ جشن منائیں گے۔‘‘
ایک ٹوئٹر صارف نے سعودی عرب کی ٹیم کے ڈریسنگ روم کی ویڈیو شیئر کی جس میں کوچ کو کھلاڑیوں سے بات کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔
اس ویڈیو پر تبصرہ کرتے ہوئے صارف کہتے ہیں سعودی عرب کی جیت کی ایک وجہ یہ بھی ہے کہ ان کے پاس یہ کوچ موجود ہیں۔