وائٹ ہاؤس پریس سکریٹری شان اسپائسر مستعفی ہوگئے ہیں۔
میڈیا نے ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ سبک دوش ہونے کے اُن کے فیصلے کا تعلق وائٹ ہاؤس کے نئے ذرائع ابلاغ کے ڈائریکٹر، انتھونی اسکرامُوچی کی تقریری سے ہے۔
اُن کا کہنا ہے کہ صدر ڈونالڈ ٹرمپ کے ترجمان اُس وقت مستعفی ہوئے جب نیو یارک کے سرمایہ کار ، اسکرامُوچی کو نامزد کیا گیا۔
جمعے کی شام ایک اخباری کانفرنس کے دوران، وائٹ ہاؤس کی خاتون ترجمان، سارا ہَکابی سینڈرز نے صدر ٹرمپ کی جانب سے ایک بیان پڑھ کر سنایا، جس میں صدر نے اسپائسر کی خدمات کو سراہا۔
ٹرمپ کی جانب سے، اُنھوں نے کہا کہ ’’میں اپنی انتظامیہ اور امریکی عوام کی جانب سے شان کے کام پر اُن کا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں۔ ایسے میں جب وہ نئے مواقع تلاش کر رہے ہیں، میں اُن کی کامیابی کے لیے دعاگو ہوں۔ ٹیلی ویژن پر اُن کی ریٹنگ سے اُن کی خدمات کا بخوبی اندازہ ہوتا ہے‘‘۔
اسپائسر کی پریس بریفنگز کو ٹیلی ویژن اور سماجی میڈیا میں وسیع پذیرائی حاصل ہوئی۔حالیہ دِنوں، معاون پریس سکریٹری سارا ہَکابی سینڈرز نے زیادہ تر برفینگ دی ہیں، جس کی عکس بندی کی اجازت نہیں دی گئی۔
اسکرامُوچی کا تعارف کراتے ہوئے، سینڈرز نے ٹرمپ کی جانب سے کہا کہ وہ ’’اسکرامُوچی کی بہت عزت‘‘کرتے ہیں، اور اُن کے ساتھ کام کرنے کے منتظر ہیں۔