عراق: بم دھماکے میں تین افراد ہلاک

عراق: بم دھماکے میں تین افراد ہلاک

عراقی انتظامیہ نے مغربی بغداد میں شیعہ زائرین کو نشانہ بنانے والے سڑک پر نصب شدہ بم دھماکے میں تین ہلاکتوں اور20 افراد کے زخمی ہونے کی تصدیق کی ہے۔ یہ واقعہ شیعہ برادری کے مقدس دن سے چند روز قبل پیش آیا۔

پولیس افسران کے مطابق بم منگل کو بغداد کے علاقے غزالیہ میں اس وقت پھٹا جب شیعہ زائرین جنوبی شہر کربلا جانے کے لیے اکٹھے ہو رہے تھے۔

تشدد کا یہ واقعہ عاشورہ سے چند روز قبل پیش آیا۔

عراقی پویس عاشورہ کے موقعے پر شہر ِ کربلا میں مزید کسی ایسے ناخوشگوار واقعے سے بچنے کے لیے سیکورٹی کے انتظامات کو یقینی بنانے کی کوشش کر رہی ہے۔

عراقی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ پیر کو شمالی بغداد میں ہونے والی خود کش دھماکے میں چار شیعہ زائرین ہلاک ہوگئے تھے۔

انتظامیہ کے مطابق خودکش بمبار نے اس وقت اپنے آپ کو ایک پولیس افسر کی جانب سے تلاشی کے لیے روکے جانے پر دھماکے سے اڑا دیا تھا جب عراقی دارالحکومت سے 85 کلومیٹر شمال میں بلد روز کے علاقے میں شیعہ زائرین کا ماتمی جلوس نکلا ہوا تھا۔