لکی مروت؛ اٹامک انرجی کمیشن کے 17 ملازمین کا اغوا، آٹھ کو بازیاب کرانے کا دعویٰ

  • اغوا کار ابتدائی طور پر اغوا کیے جانے والے افراد کو وانڈا پائندہ خان والے جنگل کی طرف لے گئے۔
  • اغوا کیے جانے والوں میں سیکیورٹی فورسز کے ریٹائرڈ اہلکار بھی شامل ہیں۔
  • اغوا ہونے والوں میں سے آٹھ کو بازیاب کرا لیا گیا ہے۔
  • مغویوں نے حکومت سے شدت پسندوں کے مطالبات تسلیم کرنے کی اپیل کی ہے۔
  • تاہم مغویوں نے اس ویڈیو پیغام میں اغوا کاروں کے مطالبات کے بارے میں کوئی تفصیلات نہیں بتائیں۔

پشاور -- پاکستان کے صوبہ خیبرپختونخوا کے ضلع لکی مروت سے اٹامک انرجی کمیشن کے اغوا ہونے والے 17 میں سے آٹھ ملازمین کو بازیاب کرا لیا گیا ہے۔

کالعدم تحریکِ طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) نے ان افراد کے اغوا کی ذمے داری قبول کی ہے۔

مقامی افراد کے مطابق جمعرات کی صبح آٹھ بجے لکی مروت سے ایک گاڑی اٹامک انرجی کمیشن اف پاکستان کے اہلکاروں کو لے کر قبول خیل کی طرف جا رہی تھی۔ وانڈا پائندہ خان کے قریب کالعدم تنظیم کے شدت پسندوں نے اس گاڑی سے 17 ورکرز کو اتار لیا اور اپنے ساتھ لے گئے اور گاڑی کو نذرِ آتش کر دیا۔

وفاقی حکومت کی فنڈنگ سے چلنے والا اٹامک انرجی کمیشن پاکستان میں فوجی اور سول مقاصد کے لیے جویری ٹیکنالوجی پر ریسرچ کا ادارہ ہے۔

چند روز قبل ٹی ٹی پی نے دھمکی دی تھی کہ افواجِ پاکستان سے منسلک اداروں کو بھی نشانہ بنایا جائے گا۔

اغوا کار ابتدائی طور پر اغوا کیے جانے والے افراد کو وانڈا پائندہ خان والے جنگل کی طرف لے گئے۔ اغوا کیے جانے والوں میں سیکیورٹی فورسز کے ریٹائرڈ اہلکار بھی شامل ہیں۔

سرکاری طور پر اس واقعے کے بارے میں کوئی باضابطہ بیان جاری نہیں کیا گیا۔ تاہم کالعدم شدت پسند تنظیم تحریک طالبان پاکستان نے اس واقعے کی ذمے داری قبول کرتے ہوئے اس سے متعلق ایک ویڈیو بیان بھی جاری کیا ہے۔

مغویوں نے حکومت سے شدت پسندوں کے مطالبات تسلیم کرنے کی اپیل کی ہے۔ تاہم مغویوں نے اس ویڈیو پیغام میں اغوا کاروں کے مطالبات کے بارے میں کوئی تفصیلات نہیں بتائیں۔

ٹی ٹی پی نے اٹامک انرجی کمیشن کے ورکرز کے قومی شناختی کارڈز اور سروس کارڈز بھی ذرائع ابلاغ کو جاری کر دیے ہیں۔

لکی مروت میں پولیس حکام نے اغوا کیے جانے والوں میں جمعرات کی شام آٹھ اہلکاروں کو بازیاب کرانے کا دعویٰ کیا ہے۔

لکی مروت میں پاکستان اٹامک انرجی کمیشن کے اہلکاروں کے اغوا سے چند گھنٹے قبل انسدادِ دہشت گردی پولیس (سی ٹی ڈی) نے ضلع لکی مروت گمبیلا میں کالعدم تنظیم کے شدت پسندوں کے خلاف مخبروں کی اطلاع پر کاروائی کر کے تین شدت پسندوں کو ہلاک کر دیا تھا۔

سرکاری بیان میں کہا گیا ہے کہ لکی مروت گمبیلا میں کالعدم تحریکِ طالبان (ٹی ٹی پی) کے شدت پسندوں کی موجودگی کی اطلاع پر سی ٹی ڈی نے انٹیلی جینس بیسڈ آپریشن کیا۔

ذرائع کے مطابق شدت پسندوں نے پولیس کو دیکھتے ہی فائرنگ کردی جوابی فائرنگ کے نتیجے میں تین شدت پسند ہلاک ہو گئے۔