زمبابوے میں جاری سہ فریقی کرکٹ ٹورنامنٹ میں بے شک پاکستان کی پوزیشن اچھی نہیں، لیکن شعیب ملک وہ کھلاڑی ہیں جن کے لیے یہ سیریز ہمیشہ کے لیے یادگار بن گئی ہے۔ اس سیریز کی بدولت وہ دو نئے اور قابل قدر ریکارڈ بنانے میں کامیاب ہوگئے ہیں۔
پہلا اعزاز
شعیب ملک کا پہلا اعزاز تو یہ ہے کہ وہ زمبابوے کے خلاف کھیلے گئے میچ میں دو ہزار رنز بنانے میں کامیاب ہوگئے۔ انہوں نے سہ ملکی سیریز کے پہلے میچ میں دو ہزار رنز مکمل کیے اور کیوی بیٹسمین مارٹن گپٹل اور سابق کیوی کپتان برینڈن مکیلم کے بعد ٹی 20 فارمیٹ میں دو ہزار سے زائد رنز بنانے والے دنیا کے تیسرے کھلاڑی بن گئے ہیں۔ مارٹن 2271 رنز کے ساتھ سرِ فہرست، برینڈن مکیلم 2140 رنز کے ساتھ دوسرے اور شعیب ملک 2039 رنز کے ساتھ تیسرے نمبر پر آگئے ہیں۔
دوسرا اعزاز: دنیا کے پہلے بیٹسمین
شعیب کا دوسرا اعزاز یہ ہے کہ وہ آسٹریلیا کے خلاف میچ میں ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچوں کی سینچری مکمل کرنے والے پہلے بیٹسمین بن گئے ہیں۔
شاہد آفریدی اور دھونی بھی پیچھے رہ گئے
ان کے مقابلے میں شاہد آفریدی نےاب تک 99، مہندر سنگھ دھونی 90، محمد حفیظ 83 اور عمر اکمل نے 82 انٹر نیشنل میچز کھیلے ہیں۔ شاہد آفریدی نے 99 بین الاقوامی ٹی ٹوئنٹی میچز میں سے ایک میچ حال ہی میں انگلینڈ میں ویسٹ انڈیز کے خلاف ورلڈ الیون کی نمائندگی کرتے ہوئے کھیلا ہے۔
تاریخ کیا کہتی ہے؟
کرکٹ کی تاریخ میں انگلینڈکے کولن کائوڈری 1968ء میں 100 ٹیسٹ کھیلنے والے پہلے جبکہ 1985ء میں آسٹریلیا کے ایلن باڈر 100 ون ڈے کھیلے والے پہلے کرکٹر بنے تھے۔ اب 100 ٹی20 میچز کھیلنے کا اعزاز شعیب ملک کے پاس آگیا ہے۔
اسٹار آل رائونڈ شعیب ملک کو 100 انٹرنیشنل میچز کھیلنے کا اعزاز سہ ملکی ٹی 20 سیریز کے دوسرے میچ میں حاصل ہوا جس میں پاکستان کا مقابلہ آسٹریلیا سے تھا۔ گو کہ شعیب ملک میچ میں کوئی خاص پرفارمنس نہ دے سکے اور کوشش کے باوجود صرف 13 رنز ہی بنا سکے لیکن وہ اعزاز حاصل کرنے میں کامیاب رہے۔
شعیب ملک ٹی20 کرکٹ میں دوسری بہترین اوسط سے رن بنانے والے کھلاڑی بھی شمار ہوتے ہیں۔ یہ بیٹنگ اوسط 53.81 ہے جب کہ اسپنرز کے خلاف ان کی اوسط سب سے زیادہ ہے جو 127.50 تک پہنچی ہوئی ہے۔ اس اوسط کے ساتھ انہوں نے سب سے زیادہ 459 رنز اسکور کیے ہیں۔