امریکی خلائی شٹل 'اینڈیور' نے بین الاقوامی خلائی اسٹیشن سے علیحدہ ہونے کے بعد زمین کی جانب واپسی کے سفر کاآغازکردیا ہے۔
امریکی خلائی ادارے 'ناسا' کے مطابق 'اینڈیور' بدھ کے روز علی الصبح فلوریڈا میں واقع 'کینیڈی اسپیس سینٹر' پہ اترے گی۔
'اینڈیور' دو ہفتوں پہ محیط اپنے رواں خلائی مشن کے دوران 2 ارب ڈالرز مالیت کی 'ایلفا میگنیٹک اسپیکٹرومیٹر' نامی مشین اور دیگر آلات لے کرزمین کے مدارمیں موجود بین الاقوامی خلائی اسٹیشن پہنچی تھی۔
'اینڈیور' کا یہ آخری خلائی مشن تھا جس سے واپسی کے بعد اسے لاس اینجلس کے ایک عجائب گھر میں عوامی نمائش کیلیے رکھ دیا جائے گا۔
واضح رہے کہ 'ناسا' 30 برسوں سے جاری اپنا خلائی شٹل پروگرام رواں برس ختم کر رہا ہے جس کے بعد امریکی خلائی ادارہ خلابازوں اور دیگر سامان کی بین الاقوامی خلائی اسٹیشن کو ترسیل کیلیے دیگر ممالک اور پرائیوٹ انڈسٹری کے خلائی جہاز استعمال کرے گا۔
'ناسا' کی خلائی شٹل 'اٹلانٹس' 8 جولائی کو اپنے آخری سفر پر بین الاقوامی خلائی اسٹیشن کیلیے روانہ ہوگی جس کی زمین واپسی کے بعد 'ناسا' کا خلائی شٹل پروگرام باقاعدہ طور پر ختم کردیا جائےگا۔