|
بالی وڈ میں اس بار دیوالی کے موقع ہر دو بڑی فلموں کا کلیش ہوا ہے۔ دونوں ہی فلمیں معروف فرنچائزز کی سیکوئلز ہیں جس کا بہت سے مداحوں کو بے صبری سے انتظار تھا۔
یکم نومبر کو بھارتی سنیما گھروں میں ہارر کامیڈی فلم 'بھول بھلیاں تھری' اور ایکشن فلم 'سنگھم اگین' ریلیز کی گئی ہے۔
بھارتی اخبار 'ہندوستان ٹائمز' کے مطابق دونوں ہی فلمیں دیوالی کے ویک اینڈ پر ملک کے چھ ہزار سنیما گھروں میں نمائش کے لیے پیش کی گئی ہیں۔
سنیما گھروں کے مالکان کے مطابق اس وقت 'سنگھم اگین' کو برتری حاصل ہے۔ البتہ کون سی فلم زیادہ بزنس کر پائے گی؟ یہ کہنا ابھی قبل از وقت ہو گا۔ پیر کو یہ واضح ہو سکے گا کہ کون سی فلم کا اوپننگ بزنس زیادہ اچھا رہا۔
'ہندوستان ٹائمز' کے مطابق فلمی تجزیہ کاروں کو توقع ہے کہ 'سنگھم اگین' 40 سے 45 جب کہ 'بھول بھلیاں تھری' 20 سے 25 کروڑ بھارتی روپے کا اوپننگ بزنس کر سکتی ہے۔
دوسری جانب سعودی عرب نے 'سنگھم اگین' اور 'بھول بھلیاں تھری' دونوں ہی فلموں کی ریلیز پر پابندی عائد کی ہے۔
SEE ALSO: ’مرزا پور‘ سیریز کی مقبولیت، فرحان اختر نے فلم بنانے کا اعلان کر دیا'بھول بھلیاں تھری' میں کارتک آریان کے ساتھ ساتھ ودیا بالن بھی اداکاری کے جوہر دکھا رہی ہیں جنہوں نے پہلے پارٹ میں مونجولیکا کا کردار ادا کیا تھا۔
کامیڈی ہارر فرنچائز کا پہلا حصہ 2007 میں ریلیز ہوا تھا جس میں اداکار اکشے کمار، ودیا بالن اور راجپال یادو سمیت دیگر نے اداکاری کی تھی۔
بعد ازاں 2022 میں فلم کا دوسرا پارٹ ریلیز ہوا تھا جس میں کارتک آریان، تبو اور کیارا اڈوانی کو فرنچائز میں شامل کیا گیا تھا۔
دوسری جانب روہت شیٹی کی معروف فرنچائز 'سنگھم' کی تیسری فلم 'سنگھم اگین' میں کرینہ کپور، ڈپیکا پڈوکون، اجے دیوگن، رنویر سنگھ، اکشے کمار، ٹائیگر شروف اور ارجن کپور نے اداکاری کی ہے۔
سنگھم فرنچائز کی پہلی فلم 2011 میں ریلیز ہوئی تھی جس کے بعد 2014 میں سنگھم ریٹرنز ریلیز ہوئی تھی۔ یہ دونوں ہی فلمیں باکس آفس پر کامیاب ثابت ہوئی تھیں۔