سائنس دانوں کا کہنا ہےکہ ایک نایاب حیوان جسے ناپید سمجھا جاتا ہے، سری لنکا کےجنگلوں میں پایا گیا جہاں اُس کی تصویربھی کھینچی گئی ہے۔
زولوجیکل سوسائٹی آف لندن کےتحقیق کاروں نے پیر کےروزاعلان کیا ہےکہ مرکزی سری لنکا میں ہارٹن پلینز کے‘لینڈر لورس’ نامی جانور کا پتا لگایا گیا ہے۔ 2002ء کے بعد پہلی بار رات کوباہر نکلنے والا یہ جانورنظر آیا ہے۔
حیاتیات کے بچاؤ سے متعلق ایک ماہر، کریگ ٹَرنر نے بتایا ہے کہ سائنس دانوں نے درخت کی شاخ پر بیٹھے اِس دنیا میں ناپید جانور کی تصویر کھینچی، پھر جسمانی تحقیق کے لیے اُسے مختصر لمحوں کے لیے پکڑے رکھا اور بعد میں اُس جانور کو پھر سے کھلا چھوڑ دیا۔
ہارٹن پلینز کے ‘سلینڈرلورس’ کی موٹی، تیکھی آنکھیں ہیں جو 20سینٹی میٹر تک پھیلنے کی قوت رکھتی ہیں۔ اِس جانور کو پہلی مرتبہ 1937ء میں دریافت کیا گیا تھا۔
تحقیق کاروں کا کہنا ہے کہ درختوں کی کٹائی اور زراعت کے باعث جانوروں کے قدرتی جنگلی ٹھکانے ختم ہوتے جارہے ہیں، جِس بنا پر‘ لورس ’ کی نسل بڑھ نہیں پا رہی ہے۔