موسم کی پہلی برف باری، 'تھینکس گِونگ' کا تہوار، تعطیل کا سماں

فائل

برف باری کا سلسلہ، دو بجے کے بعد دوبارہ شروع ہوا، جو ابھی جاری ہے۔ اس سے قبل، صبح سے ہی بارش ہوتی رہی، جس نے 11 بچے دوپہر سے برف کا روپ دھار لیا، جو پہلے ہلکی اور بعد میں خاصی تیز تھی

واشنگٹن ڈی سی، میری لینڈ اور ورجینا میں بدھ کی دوپہر موسم سرما کی پہلی برف باری ہوئی، جو کہیں، چھ انچ تو کہیں ڈیڑھ فٹ تک تھی۔

برف باری کا سلسلہ، دو بجے کے بعد دوبارہ شروع ہوا، جو ابھی جاری ہے۔

اس سے قبل، صبح سے ہی بارش ہوتی رہی، جس نے 11 بچے دوپہر سے برف کا روپ دھار لیا، جو پہلے ہلکی اور بعد میں خاصی تیز تھی۔

کم برف پڑنے اور بارش ہونے کے نتیجےمیں، سڑکوں پر جمی ہوئی برف پگھلنے لگی ہے۔

انتظامیہ نے ایک روز قبل، موسم کی 'ہنگامی صورت حال' کا نفاذ کر رکھا تھا؛ جس کے باعث بہت سے سرکاری اور نجی دفاتر میں حاضری نہ ہونے کے برابر تھی۔

طوفان، باد و باراں اور برف باری کا یہ سلسلہ گذشتہ رات سے امریکہ کے مشرقی ساحل پر رچمنڈ سے شروع ہوا، اور بدھ کو ورجینیا، واشنگٹن ڈی سی، میری لینڈ سے ہوتا ہوا، فلاڈیلفیا، نیویارک اور بوسٹن کے شہروں تک گیا۔ جنوب کے مقابلے میں شمال میں تیز برف باری ہوئی۔

’تھینکس گِونگ ڈے‘ سے قبل، امریکی شہریوں کی ایک بڑی تعداد سڑکوں، ریل گاڑیوں اور جہازوں میں سفر کرتی ہے، تاکہ وہ یہ تہوار اپنے دوستوں، رشتہ داری اور عزیز و اقارب کے ساتھ منا سکیں۔

محکمہ موسیمات کے مطابق، ساحلی علاقوں میں شدید بارشوں اور تیز ہوائیں چلنے کی توقع ہے جب کہ مغرب کی طرف کچھ علاقوں میں 15 انچ تک برفباری ہو سکتی ہے۔

مسافروں کو متنبہ کیا گیا ہے کہ وہ اپنا سفر جلدی شروع کریں اور انھیں ہوائی اڈوں پر انتطار کا بھی سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

'تھینکس گِونگ ڈے' پر صورت حال بہتر ہونے کی توقع کی جا رہی ہے، اس دن امریکی شہری اپنے خاندان کے افراد کے ساتھ مل کر ’ٹرکی ڈنر‘ کے علاوہ فٹ بال کھیل کر اور پریڈ میں حصہ لے کر محظوظ ہوتے ہیں۔