سوشل میڈیا پلیٹ فارم 'ایکس' دنیا بھر میں عارضی بندش کے بعد بحال

فائل فوٹو

فائل فوٹو

سوشل میڈیا کا مشہور پلیٹ فارم ایکس (سابقہ ٹوئٹر) جمعرات کو پاکستان سمیت دنیا بھر میں عارضی بندش کے بعد بحال ہو گیا ہے۔

ایکس کی عارضی بندش کے دوران صارفین اپنے اکاؤنٹ کو کھول تو سکتے تھے لیکن ان کی فیڈ اور پروفائل وال پر کچھ بھی نظر نہیں آ رہا تھا۔

البتہ پاکستان میں بعض صارفین کا کہنا تھا کہ وہ وی پی این کا استعمال کرتے ہوئے اپنے اکاؤنٹ تک رسائی حاصل کر سکتے ہیں۔

ایکس کی جانب سے فوری طور بندش کی وجہ نہیں بتائی گئی ہے۔

پاکستان میں حالیہ دنوں میں دوسری بار ایسا ہوا ہے کہ ملک بھر میں سوشل میڈیا صارفین کو اپنے اکاؤنٹس تک رسائی میں مشکل پیش آئی ہے۔

چار روز قبل ملک کی ایک بڑی جماعت پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) نے آن لائن جلسے کا اعلان کیا تھا اور اس ورچوئل جلسے کے دوران ملک بھر سے یوٹیوب، فیس بک، انسٹاگرام، ایکس سمیت متعدد سوشل میڈیا ایپس تک صارفین کی رسائی محدود ہو گئی تھی۔

جمعرات کو سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس تک صارفین کی رسائی محدود ہونے کے ساتھ ساتھ #TwitterDown کا ہیش ٹیگ سرفہرست رہا۔

کئی افراد ایکس کو ٹیگ کرکے یہ سوال بھی پوچھتے رہے کہ ان کے علاقے یا شہر میں سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس کیوں نہیں چل رہا۔

بعض صارفین نے اپنی سوشل پوسٹ میں طنز و مزاح کا بھی سہارا لیا۔ ایک صارف کا کہنا تھا کہ پاکستان کی سپریم کورٹ نے عمران خان کو ورچوئلی رہا کرنے کا حکم دیا ہے جس کے بعد ٹوئٹر پاکستان میں بند ہو گیا ہے۔

چند صارفین نے ٹوئٹر کے مالک ایلون مسک سے بھی گزارش کی کہ وہ اس صورتِ حال میں مداخلت کریں اور پاکستان میں دوبارہ ٹوئٹر کی بندش کا نوٹس لیں۔

بعد ازاں انٹرنیٹ پر نظر رکھنے والے ڈیجیٹل رائٹس، سائبر سیکیورٹی اور بہتر طرزِ حکمرانی کو فروغ دینے والی بین الاقوامی تنظیم 'نیٹ بلاکس' نے ایک پوسٹ میں بتایا کہ دنیا بھر میں ایکس صارفین کو پلیٹ فارم تک رسائی میں دشواری کا سامنا ہے، صارفین کے پاس ٹائم لائن لوڈ نہیں ہو رہی۔

لگ بھگ 35 سے 40 منٹ کے بعد صارفین نے پوسٹس کرنا شروع کیں کہ ان کے پاس اب سوشل میڈیا پلیٹ فارم درست کام کر رہا ہے۔

ٹیکنالوجی کی خبروں پر نظر رکھنے والی امریکی ویب سائٹ ’دی ورج‘ کے مطابق موبائل صارفین کو سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس کے استعمال میں مشکلات پیش آئیں۔

رپورٹ کے مطابق لگ بھگ ایک گھنٹے تک سوشل میڈیا پلیٹ فارم کے استعمال میں صارفین کو مشکلات پیش آتی رہیں۔

انٹرنیٹ کی بندش پر نظر رکھنے والے ادارے ’ڈاؤن ڈیٹیکٹر‘ کا کہنا تھا کہ سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس کی بندش کی وجوہات سامنے نہیں آ سکی ہیں۔

واضح رہے کہ اب سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس ایک پریمیئم سروس بھی ہے جو صارفین سے ایک مخصوص رقم کے عوض انہیں ویری فائیڈ کا اسٹیٹس دیتا ہے۔