عالمی ادارہ صحت نے خبردار کیا ہے کہ قحط اور خشک سالی کا شکار افریقی ملک صومالیہ کے دارالحکومت موغا دیشو کے ارد گرد ہیضے کے مرض میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
ڈبلیو ایچ او نے جمعہ کو اپنے ایک بیان میں کہا کہ موغادیشو کے 'بنادیر اسپتال' میں رواں برس متعدی مرض کے چار ہزار سے زائد کیسز ریکارڈ کیے گئے ہیں جن میں سے 75 فی صد مریض پانچ سال سے کم عمر بچے تھے۔
عالمی ادارے کا کہناہے کہ اس کی جانب سے صومالیہ کے متاثرہ علاقوں میں پہلے ہی طبی سامان مہیا کیا جاچکا ہے جس کے ذریعے بیماری کے شدید اثرات کا شکار دو ہزار افراد کا علاج ممکن ہوسکے گا۔