فرانس نے کہاہے کہ کینیا سے اغوا کی جانے والی فرانسیسی خاتون کی نعش، جو اغواکاروں کی تحویل میں ہلاک ہوگئی تھیں، واپس کرنے لیے اغوا کار رقم کا مطالبہ کررہے ہیں۔
66 سالہ میری دیدیئو یکم اکتوبر کو شمالی کینیا کے ساحل پر واقع اپنے نجی گھرسے اغوا ہوگئی تھیں۔ فرانس کا کہناہے کہ اسے خاتون کی ہلاکت کی خبر بدھ کے روز ملی۔
فرانس کے وزیر دفاع نے کہا ہے کہ اغوا کار بقول ان کے خاتون کی نعش بیچنے کی کوشش کررہے ہیں۔ ان کا کہناہے کہ اغواکار سوائے نفرت کے کسی اور چیز کے مستحق نہیں ہیں۔
وزیر دفاع گیرالڈ لانگیٹ نے فرانس کے آئی ٹیلی ٹی وی کے ساتھ اپنے انٹرویو میں کہا کہ زیادہ امکان یہ ہے کہ ڈیڈیئو کی ہلاکت زیر استعمال دوائیں نہ ملنے کے باعث خون میں زہر یلے مادے پیدا ہونے کی وجہ سے ہوئی۔
ڈیڈیئو کینسر میں مبتلا تھیں اور وہ صرف وہیل چیئر کے ذریعے حرکت کرسکتی تھیں، جسے اغواکارخاتون کو لے جاتے وقت پیچھے چھوڑ گئے تھے۔
فرانس نے نعش کی غیر مشروط واپسی کا مطالبہ کیا ہے۔